دہلی میں بارش سے موسم خوشگوار

کم سے کم درجہ حرارت 19.6 ڈگری سیلسیس

نئی دہلی، مئی ۔ دہلی اور این سی آر میں پیر کو موسلادھار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے کم از کم درجہ حرارت 19.6 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا، جو اس موسم کے لیے معمول سے پانچ درجے کم ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارش کی وجہ سے شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں پارہ نیچے آگیا ہے۔ دہلی میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس وقت معمول سے 10 ڈگری کم ہے اور گزشتہ 13 سالوں میں سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل 2019 میں بھی ایسا ہی موسم اپریل کے مہینے میں دیکھا گیا تھا۔ اس وقت 29 اپریل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔دریں اثنا، پیر کو قومی دارالحکومت میں عام طور پر ابر آلود آسمان کے ساتھ ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا، دن بھر ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔ اس کے علاوہ 25-35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تازہ ویسٹرن ڈسٹربنس کے باعث 7 مئی تک بارشوں کے امکانات ہیں۔ قومی راجدھانی میں بھی بارش کی وجہ سے ہوا کے معیار میں بہتری آئی ہے۔ پیر کو دوپہر 12 بجے یہاں ہوا کے معیار کا انڈیکس (اے کیو آئی) 82 تھا، جو ‘اطمینان بخش’ زمرے میں ہے۔ اے کیو آئی کے منگل کو بھی اطمینان بخش زمرے میں رہنے کا امکان ہے۔سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی ) اے کیو آئی کو 0-50 کے درمیان اچھی، 51 اور 100 کو تسلی بخش، 101 اور 200 کو اعتدال پسند، 201 اور 300 کو ناقص، 301 اور 400 کو انتہائی ناقص اور 400 سے زیادہ کو شدید تسلیم کرتا ہے۔ملک کے دیگر حصوں میں بھی اگلے پانچ دنوں میں (5 مئی تک) بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا، شمال مغربی ہندوستان، وسطی ہندوستان، جنوبی ہندوستان، مشرقی ہندوستان اور شمال مشرقی ہندوستان کے الگ تھلگ علاقوں میں بھاری بارش کی توقع ہے۔ الگ تھلگ علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔محکمہ نے کہا، 3 مئی سے بارش میں بتدریج کمی کے بعد، 5 مئی سے پورے ملک میں بارش میں کمی کا امکان ہے۔ وسطی ہندوستان میں اگلے پانچ دنوں تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے موسلادھار بارش، بجلی چمکنے اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ مغربی مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ سمیت الگ تھلگ مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ مشرقی مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ میں الگ تھلگ مقامات پر بھاری بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو شدید بارشوں سے بچانے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Related Articles