یوگی آدتیہ ناتھ آج میسور میں انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے
میسور، اپریل۔مٹی می ملا دیں گے جیسے نعرے کے لئے مشہور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بدھ کو کرناٹک میں اپنی پہلی انتخابی مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر منگل تک ان اسمبلی حلقوں میں انتخابی مہم چلاتے رہے ہیں جہاں وہ مضبوط ہیں، لیکن وزیر اعلیٰ یوگی کو پرانے میسور خطے میں پارٹی کے انتخابی امکانات کو بڑھانے کے لیے ایک بڑا کام سونپا گیا ہے۔ یہ خطہ بی جے پی کے لیے مکمل اکثریت حاصل کرنے کے لیے اہم ہے، لیکن پارٹی نے ابھی تک اس علاقے میں اپنی پکڑ مضبوط نہیں بنائی ہے۔توقع ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ صبح 10.30 بجے میسور ہوائی اڈے پر پہنچیں گے اور مانڈیا کی طرف روانہ ہوں گے، جہاں وہ بی جے پی امیدوار اشوک جے رام کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔ مانڈیا میں ریلی سے خطاب کرنے کے بعد یوگی وجئے پورہ ضلع کے بسون باگواڑی میں واقع بسویشور مندر جائیں گے اور وہاں سہ پہر 3 بجے انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔کرناٹک کے دورے سے پہلے، مسٹربسوراج بومئی حکومت یوگی آدتیہ ناتھ سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے لیے پرچار کرنے کا مطالبہ کررہی تھی۔گینگسٹر سے سیاستداں بنے عتیق احمد کے بیٹے اسد احمد کے پولیس مڈبھیڑ میں مارے جانے کے بعد کرناٹک انتخابات کے لیے بی جے پی پرچارک کے طورپر یوگی کی مانگ تیز ہوگئی تھی۔گینگسٹراور مجرموں کے تئیں ان کے سخت رویہ کی جھلک ریاست میں انتخابی مہم کے دوران ان کی تقریروں میں دیکھی جا سکتی ہے اور بی جے پی کو لگتا ہے کہ اس کا اثر ووٹروں پر پڑے گا۔واضح رہے کہ کرناٹک قانون ساز اسمبلی کی 224 نشستوں کے لیے 10 مئی کو ایک ہی مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ نتائج کا اعلان 13 مئی کو کیا جائے گا۔