کے سی آر مہاراشٹر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، کئی قائدین بی آر ایس میں شامل ہوں گے

چھترپتی سمبھاجی نگر، اپریل ۔ تلنگانہ کے وزیر اعلی اور بھارت راشٹرا سمیتی پارٹی (بی آر ایس) کے سربراہ کے. چندر شیکھر راؤ پیر کی شام کو چھترپتی سمبھاجی نگر کے بیڑ بائی پاس روڈ پر واقع جبندا میدان میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور جلسہ گاہ میں بڑے پیمانے پر ہورڈنگز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں۔تلنگانہ کے وزیراعلی راؤ اس ریلی میں اہم سیاسی اعلانات کرسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل کے سی آر ناندیڑ ضلع میں بی آر ایس کی دو میٹنگوں سے خطاب کر چکے ہیں۔اس لیے امید کی جاتی ہے کہ مسٹر راؤ آنے والے برسوں میں مراٹھواڑہ خطے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی بی آر ایس کی توسیع کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔ اس لیے ناندیڑ ضلع میں دو میٹنگیں کرنے کے بعد اب بی آر ایس مراٹھواڑہ کی راجدھانی چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک میٹنگ کا اہتمام کر رہی ہے۔ بی آر ایس ابکی بار کسان سرکار ٹیگ لائن کے تحت مراٹھواڑہ کے کسانوں کو راغب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس لیے دیکھنا ہوگا کہ آنے والے وقت میں اس پارٹی کو مراٹھواڑہ میں کتنی کامیابی ملتی ہے۔ بی آر ایس پارٹی جیسے ہی مہاراشٹر میں داخل ہوئی، کئی بڑے سیاسی لیڈر اس پارٹی میں شامل ہو گئے۔ سابق ممبر اسمبلی ہرش وردھن جادھو، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر قادر مولانا، سابق ممبر اسمبلی انا صاحب مانے، این سی پی لیڈر سنتوش مانے، این سی پی لیڈر پردیپ سولنکے، کسان لیڈر جیا جی سوریاونشی، فیروز پٹیل سمیت کئی لیڈر بی آر ایس پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سابق ممبر اسمبلی اور ممبر پارلیمنٹ سمیت مزید 40 سابق کونسلر آج بی آر ایس پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔

Related Articles