مودی آسام میں 8500 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے
گوہاٹی، اپریل ۔ وزیر اعظم نریندر مودی 14 اپریل کو آسام کو تقریباً 8500 کروڑ روپے کے کئی نئے پروجیکٹوں کی سوغات دیں گے۔ان پروجیکٹوں میں ایک نیا ایمس اسپتال، چار دیگر اسپتال، ایک میتھنول پلانٹ اور برہمپترا پر ایک پل شامل ہیں۔پروجیکٹوں کا افتتاح 14 اپریل کو گوہاٹی میں جسمانی اور ورچوئل دونوں طریقوں سے کیا جائے گا۔ایمس اسپتال، جس میں 750 بستر اور 100 ایم بی بی ایس نشستیں ہیں، پہلے سے ہی 85 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور مرکز کی طرف سے 1123 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نلباڑی، ناگاؤں اور کوکراجھار میں ریاستی حکومت کی طرف سے بنائے گئے تین میڈیکل کالجوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ریاستی حکومت اور آئی آئی ٹی گوہاٹی مشترکہ طور پر 600 کروڑ روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری سے ایک ریسرچ ہسپتال تیار کریں گے۔وزیر اعظم 500 ٹن یومیہ کی صلاحیت والے میتھنول پلانٹ کا بھی افتتاح کریں گے، ساتھ ہی رنگ گھر کی تزئین کاری کے کام اور برہم پترا پر پلاسباڑی-سوالکوچی پل کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔