نئے بل زرعی شعبہ میں وسیع پیمانہ پر تبدیلی لائیں گے: یوگی
لکھنو، اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے زرعی شعبہ کے دو بلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے عزم کی عکاسی کرنے والے یہ بل زرعی شعبہ میں وسیع پیمانہ پر تبدیلی لانے والے ثابت ہوں گے۔
مسٹر یوگی نے اتوار کو کہا کہ’فارمرس پروڈیوس ٹریڈ اینڈ کامرس (پروموشن اینڈ فیسی لٹیشن) بل۔2020اور فامرس (امپاورمنٹ اینڈ پروٹیکشن) ایگریمنٹ آن پرائس ایشیورنس اینڈ فارم سروسز بل۔2020‘ مکمل طورپر زراعت اور کسانوں کے مفاد میں ہیں۔ یہ کسانوں کی آمدنی میں کئی گنا اضافہ کرنے والے ثابت ہوں گے۔ اب کسانوں کو قانونی پابندیوں سے آزادی ملے گی، زراعت کے شعبہ میں مکمل طورپر تبدیلی آئے گی۔ کھیتی۔ کسانوں میں نجی سرمایہ کاری ہونے سے تیز ترقی ہوگی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ زراعت شعبہ کی معیشت مضبوط ہونے سے ملک کی اقتصادی صورتحال مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ’فارمرس پروڈیوس ٹریڈ اینڈ کامرس (پروموشن اینڈ فیسی لٹیشن) بل سے زرعی پیداوار کے موثر، شفاف اور بلارخنہ انٹر ریاستی اور ریاست کے اندر کاروبار اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ اس سے کسانوں کو فروخت اور خرید کے لئے پسند کی آزادی حاصل ہوگی۔