القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا
اسلام آباد، مئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے انہیں رینجرز نے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہیں رینجرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا ہے۔سابق وزیراعظم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب مختلف مقدمات کے سلسلے میں لاہور سے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے۔ ان کی گرفتاری کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پولیس اور وکلا میں تصادم بھی ہوا ہے۔ پولیس تشدد سے زخمی گارڈز اور وکلا کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی عمران خان کو گرفتاری کے بعد اسلام ہائیکورٹ سے لے جایا گیا ہے۔فواد چوہدری نے عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وکلا کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ فرخ حبیب نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل ہوتے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے ملک بھر کے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کردی ہے دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ان کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔درین اثنا پی ٹی آئی رہنماؤں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر عوام سے باہر نکلنے کی اپیل کردی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے عوام سے باہر نکلنے کی اپیل کردی۔پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ٹوئٹ میں لکھا عمران خان پر دوران گرفتاری تشدد کی اطلاعات آئی ہیں، تمام قوم اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے اور آج پورا پاکستان باہر نکلے گا۔تحریک انصاف کے رہنما مرادسعید کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ عالم اسلام کے لیڈر عمران خان کو تشدد کرکے گرفتار کرلیا گیا ، نکلو اپنے حق اپنے لیڈر اپنے مستقبل کی خاطر،اب انقلاب آئےگا۔یاد رہے عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل ہوتے ہی گرفتار کر لیاگیا تھا ، بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرکے ہائیکورٹ سے لے جایا جا چکا ہے۔