جوشی مٹھ: دھامی نے امدادی سامان لے جانے والی گاڑیوں کو جھنڈی دکھائی

دہرادون، مارچ ۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے پیر کو اپنے کیمپ آفس سے جوشی مٹھ کے متاثرہ علاقے تک امدادی سامان لے جانے والی گاڑیوں کوہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ امدادی سامان ایچ ڈی ایف سی بینک کے سی ایس آر پروگرام کے تحت دیا گیا ہے۔مسٹر دھامی نے جوشی مٹھ کے متاثرہ لوگوں کو دیے گئے اس تعاون کے لیے ایچ ڈی ایف سی بینک اور مانو سیوا سماج سنستھا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جوشی مٹھ کے متاثرہ لوگوں کی بازآبادکاری اور تمام انتظامات کو منظم طریقے سے کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ کئی تنظیمیں بھی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے آگے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جوشی مٹھ سے متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا ہے اور مرکزی حکومت کی طرف سے ریاست کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا ہے۔ اس بجٹ میں جوشی مٹھ کے متاثرہ علاقے کے لیے ایک ہزار کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ امدادی سامان جوشی مٹھ میں متاثرین کو مانو سیوا سماج سنستھا کی طرف سے دستیاب کرایا جائے گا۔ ایچ ڈی ایف سی بینک نے جوشی مٹھ میں متاثرہ لوگوں کو گرم پانی کے 1500 تھیلے، ایک ہزار کمبل، آٹھ سولر گیزر، ایک ہزار ایمرجنسی سولر چارج لائٹس، 20 ہزار سینیٹری پیڈ، 260 چولہے اور 460 روم ہیٹر فراہم کیے ہیں۔اس موقع پر ایچ ڈی ایف سی بینک کے سرکل ہیڈ بکل سکہ، گورو جین، وویک گروور، آشیش گری، جتیندر مدلیار، شیام سندر اور مانو سیوا سماج سنستھا کے اوما موجود تھے۔

Related Articles