تلنگانہ کے نظام آباد میں سڑک حادثہ۔چارنوجوان ہلاک

حیدرآباد,مارچ۔ تلنگانہ کے نظام آباد میں پیش آئے سڑک حادثہ میں چار نوجوان ہلاک ہوگئے۔یہ حادثہ ضلع کے اندول وائی منڈل کی چندرائن پلی 44نمبر کی قومی شاہراہ پر کل شب اُس وقت پیش آیا جب حیدرآباد سے جانے والی کار چلانے والے نے اس کا توازن کھودیا اور یہ کار، ٹہرے ہوئے کنٹینر سے ٹکراگئی۔حادثہ اتنا شدیدتھاکہ چار نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور کار کو شدید نقصان پہنچا۔تیز رفتاری حادثہ کا سبب سمجھی جارہی ہے۔مہلوکین، موبائل فون کے سامان کا ہول سیل بزنس کرتے تھے۔یہ نوجوان، حیدرآباد میں کام ختم کرنے کے بعد واپس ہورہے تھے۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے لاشوں کو کافی جدوجہد کے بعد کار سے نکالتے ہوئے سرکاری اسپتال پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجنے میں کامیابی حاصل کی۔حادثہ کا مقام دلخراش منظرپیش کررہا تھا۔اے سی پی کرن کمار نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا۔اس کار میں گنیش، اس کا بھائی آدتیہ،اس کادوست پرکاش سوار تھے۔ان کا تعلق چندرشیکھرکالونی سے ہے۔ایک اور نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی۔پرکاش کی شادی 2مئی کو مقررتھی جبکہ گنیش کی اہلیہ 9ماہ کی حاملہ ہے۔گنیش، آدتیہ کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے۔اس حادثہ میں ان دونوں کی ہلاکت پر خاندان پر غم کا پہاڑٹوٹ پڑا۔مہلوکین کا تعلق پڑوسی ریاست مہاراشٹر کے بلولی سے ہے تاہم یہ افراد کچھ عرصہ سے نظام آباد میں مقیم تھے۔

Related Articles