پرہلاد مودی کا کنبہ احمد آباد کے لیے روانہ ہوا

میسور، دسمبر۔وزیر اعظم نریندر مودی کے بھائی پرہلاد مودی جو ایک سڑک حادثے میں زخمی ہو گئے تھے، جمعرات کو اپنے کنبہ کے ساتھ ایک خصوصی پرواز سے احمد آباد کے لئے روانہ ہو گئے۔مسٹر پرہلاد مودی اپنی والدہ ہیرابا کی خرابی صحت کی وجہ سے خصوصی طیارے میں یہاں سے روانہ ہوئے ہیں۔ وہ اور ان کے کنبہ کے افراد منگل کو یہاں ایک سڑک حادثے میں زخمی ہو گئے تھے۔ وہ میسور کے جے ایس ایس اسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں اور ان کے اہل خانہ کو بدھ کی شام کو چھٹی دے دی گئی۔خیال ر ہے کہ وزیر اعظم کی والدہ کو طبیعت خراب ہونے پر بدھ کی صبح احمد آباد کے یو این مہتا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ریسرچ سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا۔ وزیر اعظم کل دوپہر دہلی سے احمد آباد گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اسپتال کے تازہ ترین بلیٹن کے مطابق مسز ہیرابا کی صحت اب بہتر ہو رہی ہے۔کرناٹک کے وزیر نارائن گوڑا نے ممبئی ہوائی اڈے کے حکام سے بات کرکے مسٹر پرہلاد مودی اور ان کے کنبہ کے لیے احمد آباد جانے کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام کیا۔اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے دوران مسٹر پرہلاد مودی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، "ہماری والدہ کی صحت مستحکم ہے، میں ایک دو دن میں بالکل ٹھیک ہو جاوں گا۔ اب ہم احمد آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ وہاں پہنچتے ہی میں اپنی والدہ کے پاس جا کر ان کی خیریت معلوم کروں گا۔ وزیر اعظم پہلے ہی احمد آباد آکر والدہ کی خیریت معلوم کر چکے ہیں۔ حادثے میں ہم تمام زخمی ہو گئے تھے۔ اب ہمارے کنبہ کے تمام افراد صحت مند ہیں۔ اب ہم سب احمد آباد جا رہے ہیں۔ جے ایس ایس اسپتال، میسور میں ہماری اچھی دیکھ بھال کی گئی۔ ہر ایک کا بہت شکریہ جنہوں نے ہمارے کنبہ کا خیال رکھا۔

Related Articles