یوگی کی تصویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر ایف آئی آر
لکھنؤ، دسمبر۔لکھنؤ پولیس نے ‘آزار ایس آر کے’ نامی ٹویٹر ہینڈل کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، جس نے پٹھان کے گانے ‘بیشرم رنگ’ کی جھلک دیپیکا پڈوکون کی جگہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے چہرے کے ساتھ شیئر کی تھی۔ تعزیرات ہند کی دفعہ 295اے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ بی جے پی کے کئی لیڈروں اور ٹوئٹر صارفین نے اسے قابل اعتراض اور تضحیک آمیز پایا اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ فی الحال ڈی جی پی ہیڈکوارٹر کی سائبر ٹیم معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ پٹھان کا گانا ‘بیشرم رنگ’ ریلیز کے بعد سے ہی تنازعات میں گھرا ہوا ہے۔ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی اداکاری والے گانے کو سوشل میڈیا اور کئی سیاسی رہنماؤں کی جانب سے زبردست ردعمل ملا تھا۔ مدھیہ پردیش کے وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا نے فلم کے گانے میں بھگوا لباس کے استعمال پر ناراضگی ظاہر کی۔ اسے گانے میں کئی مناظر قابل اعتراض اور فحش لگے۔ انہوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر ان مناظر کو تبدیل نہ کیا گیا تو مدھیہ پردیش میں فلم پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔