سالانہ دسہرہ ریلی کا اہتمام کرے گی شیو سینا: راؤت

ممبئی، اکتوبر۔ شیو سینا کے رہنما اور راجیہ سبھا رکن ،سنجے راؤت نے بدھ کے روز کہا کہ ان کی پارٹی سالانہ دسہرہ ریلی کووڈ- 19 کے تمام قوانین پر عمل کرتے ہوئے منعقد کرے گی اور یہ آن لائن نہیں ہوگی۔مسٹر راؤت نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پارٹی ہر سال جنوبی وسطی ممبئی میں دادر کے تاریخی شیواجی پارک میں دسہرہ ریلی کا اہتمام کرتی ہے ، لیکن پچھلے سال یہ کورونا کی وجہ سے نہیں ہو سکی۔ اگلے سال ہونے والے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) انتخابات کے پیش نظر یہ بہت اہم ہے۔لکھیم پور واقعے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ مرکزی وزیر کے بیٹے نے مشتعل کسانوں کو اپنی گاڑی سے کچل دیا۔ ہم اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے قائدین کو جائے وقوعہ پر جانے سے روکنا بھی قابل مذمت ہے۔ یہ مرکز میں بی جے پی حکومت کے ساتھ ساتھ اتر پردیش حکومت کی آمریت اور تاناشاہی ہے۔ یہ شرمناک ہے کہ حکومت نے سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی پوتی کو بغیر کسی مناسب وجہ کے گرفتار کیا ہے۔

Related Articles