میڈیکل کے طالب علموں کو صحت مند اوربیماریوں سے پاک ہندوستان کی تعمیر میں اپنا رول ادا کرناچاہئے:اوم برلا

جے پور ,نومبر۔میڈیکل کے شعبے میں قابلیت کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کا پہلو بھی انتہائی ضروری ہے، اسی لیے لازمی ہے کہ تمام میڈیکل کے تمام طلباء انسانی ہمدردی کے جذبے سے کام کریں ان خیالات کا اظہار لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج یہاں مہاتما گاندھی یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی کنووکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے طبی شعبے میں نئی نئی دریافتوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو جدید سائنس اور اختراعات کو اپنا کر آگے بڑھنا ہے۔ ہندوستانی نوجوانوں کی طاقت کے تناظر میں مسٹر برلا نے کہا کہ ہندوستانی ڈاکٹر اپنی قابلیت کی وجہ سے نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ملک بھی شہرت رکھتے ہیں۔ملک میں صحت کے شعبے کواستحکام بخشنے کے تعلق سے مسٹر برلا نے کہا کہ حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں صحت کی دیکھ بھال اور تحقیقی اختراع میں پورے انہماک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ مہاتما گاندھی یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی آرزوہے کہ جے پور اور راجستھان آنے والے وقتوں میں ملک کے ایک بڑے طبی مرکز کے طور پر ابھریں۔مسٹر برلا نے یاد دلایا کہ گذشتہ دہائیوں میں میڈیکل سائنس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ نئی تحقیق اور جدت پر مبنی نئی ٹیکنالوجیوں نے میڈیکل شعبے کویکسر بدل دیا ہے۔ کورونا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے دوران تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے اجتماعی عزم کے ساتھ مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔آخر میں پاس آؤٹ ہونے والے تمام طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ تمام طلباء کو چاہئے کہ وہ انسانیت اور قوم کی خدمت کے جذبے کے ساتھ ایک صحت مند اوربیماریوں سے پاک ہندوستان کی تعمیر میں اپنارول ادا کریں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوانوں کو ایک نئے اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لئے کام کرنا چاہئے اور ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا چاہئے۔اس موقع پر شری برلا نے تمام طلباء کو دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسٹر اوم برلا نے مہاتما گاندھی یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ’انسٹی ٹیوٹ آف انوویشن اینڈ ریسرچ ان میڈیسن‘کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

Related Articles