آندھرا پردیش میں پٹاخوں کی دکان میں آگ لگنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے
وجئے واڑہ، اکتوبر۔آندھرا پردیش کے وجے واڑہ میں اتوار کو پٹاخوں کی ایک دکان میں آگ لگنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ صبح 7 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب تاجر شہر کے گاندھی نگر علاقے میں جم خانہ گراؤنڈ میں پٹاخے کی دکان لگا رہے تھے۔ آگ لگنے سے 19 میں سے تین دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں جس سے علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ایک اور دکان جزوی طور پر جل گئی۔ پولیس کے مطابق فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ ایم ایل اے ملاڈی وشنو اور وجئے واڑہ کے پولس کمشنر کانتی رانا ٹاٹا نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ فائر بریگیڈ اور پولیس کے محکمے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ہلاک ہونے والے دونوں دکان پر کام کرتے تھے۔ ان کی شناخت کاشی اور سامبا کے طور پر کی گئی ہے، یہ دونوں وجئے واڑہ کے رہنے والے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ آگ لگنے کے وقت وہ سو رہے تھے۔ وہاں کام کرنے والے دیگر چھ افراد بحفاظت فرار ہوگئے۔ زوردار دھماکوں سے گراؤنڈ میں موجود لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ حکام نے پٹرول بنک کے قریب پٹاخوں کی دکانوں کو اجازت دینے پر شہریوں نے اپنے غصہ کا اظہار کیا۔