وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پتھوڑا گڑھ کا دورہ کریں گے
نینی تال، نومبر۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ہفتہ کو اتراکھنڈ کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ مسٹر سنگھ سرحدی ضلع پتھوڑا گڑھ کے مونا کوٹ میں شہید سمان یاترا پروگرام میں شرکت کریں گے۔پتھوڑا گڑھ ضلع انتظامیہ کے مطابق ریاست کے چیف سکریٹری ڈاکٹرایس ایس سندھو کے پرنسپل پرائیویٹ سکریٹری ایم ایل انیال نے یہ جانکاری دی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر دفاع فضائیہ کے طیارے کے ذریعے پالم ہوائی اڈے سے سیدھے بریلی کے ایئر فورس اسٹیشن پہنچیں گے اور وہاں سے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے ذریعے پتھوڑا گڑھ کے مونا کوٹ ہیلی پیڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔ وہ مونا کوٹ بلاک کے جھول کھیت میں شہید سمان یاترا پروگرام میں شرکت کریں گے اور یاترا کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس کے بعد وزیر دفاع بریلی کے راستے دہلی روانہ ہوں گے۔واضح رہے کہ دہرادون میں پانچویں سینک دھام کی تعمیر کے لیے ریاست کی پشکر سنگھ دھامی حکومت ریاست کے شہیدوں کے مقدس آنگن سے مٹی جمع کرنے کے لیے شہید سمان یاترا پروگرام کا انعقاد کر رہی ہے۔ اس کے لیے شہیدوں کے آنگن سے مٹی جمع کرنے کے لیے یاترا روانہ کی جا رہی ہے۔ وزیر دفاع اس پروگرام میں شرکت کرکے شہید فوجیوں کے سر فخر سے بلند کریں گے۔