بس اور ٹرک میں زبردست ٹکر ، 15 افراد ہلاک،تقریباً 40 افراد زخمی

ریوا/ بھوپال، اکتوبر ۔ مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے سوہاگی تھانہ علاقے میں بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکرکی وجہ سے پیش آئے سڑک حادثے میں 15 مسافروں کی موت ہو گئی جبکہ تقریباً 40 افرادزخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد اتر پردیش کے پریاگ راج کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ریوا سے پریاگ راج جا رہی بس کل دیر رات سوہاگی پہاڑ پر پیچھے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ بس قریب ہی کھڑی ایک اور گاڑی سے بھی ٹکرا گئی۔ اس کی وجہ سے 14 مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دوسرے کی ریوا جاتے ہوئے موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی اس حادثے میں 40سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ریوا کے سنجے گاندھی میموریل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ بس جبل پور سے ریوا کے راستے اتر پردیش کے پریاگ راج جا رہی تھی، جس میں حیدرآباد سے مزدوری کر کے دیوالی کے تہوار کی وجہ سے اپنے گھروں کو واپس جا رہے مزدور سوار تھے۔ مرنے والوں میں تمام مرد بتائے جاتے ہیں جن کی شناخت کی جا رہی ہے۔ سبھی پریاگ راج علاقے کے رہنے والے بتائے جارہےہیں۔دریں اثنا، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اس دردناک حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے انہوں نے ریوا ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ سب کا بہتر سے بہتر علاج کریں۔ حادثے کے بعد مسٹر چوہان اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے درمیان فون پر بات چیت بھی ہوئی۔

Related Articles