امریندر نے ہریانہ کے وزیراعلی منوہر لال کھٹر سے ملاقات کی
چندی گڑھ، نومبر۔ پنجاب کے سابق وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے آج ہریانہ کے وزیراعلی منوہر لال کھٹر سے ملاقات کی۔کیپٹن سنگھ دوپہرکو ان کی رہائش گاہ پر پہنچے اور دونوں کے مابین تقریباً نصف گھنٹہ بات چیت ہوئی۔ میٹنگ کے بعد کیپٹن سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں اس ملاقات کورسمی ملاقات قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ان کی اس ملاقات کو سیاسی نظریہ سے نہیں دیکھا جانا چاہئے۔ تین زرعی قوانین پر انہوں نے کہاکہ لوک سبھا میں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے والا بل منظور ہوچکا ہے اور راجیہ سبھا میں بھی منظور ہوجائے گا۔ ا ب یہ کوئی معاملہ نہیں رہ گیا ہے۔بی جے پی سے اتحاد پر کیپٹن سنگھ نے کہاکہ جب وہ دہلی جائیں گے تو اس بارے میں بی جے پی کے اعلی کمان سے بات چیت کریں گے۔ کسان تحریک سے متعلقہ کسانوں پر درج مقدمات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے تمام کیس واپس لینے کی حامی بھری ہے اور جلد ہی ریاستی حکومتوں کو اس بارے میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔ ہریانہ اور پنجاب یا دیگر ریاستوں کے بھی کسانوں کے خلاف درج معاملات جلد واپس لینے کی امید ہے۔رکن پارلیمان پرنیت کور کو کانگریس کی طرف سے ملے وجہ بتاو نوٹس کے بارے میں کیپٹن سنگھ نے کہاکہ اس کا جواب تو وہیں دیں گی۔ اپنی نئی پارٹی کے بارے میں انہوں نے کہاکہ اس عمل میں ابھی کچھ مزید وقت لگ سکتا ہے۔ پارٹی کو جلد ہی نشان مل جائے گا۔