پی سی ایس امتحان کا نتیجہ: پریاگ راج کے بھائی بہن بنے ایس ڈی ایم
لکھنؤ، اکتوبر۔ اتر پردیش کے سب سے باوقار ریاستی سول سروسز امتحان (پی سی ایس) 2021 کے نتائج میں اس بار ٹاپ ٹین کامیاب امیدواروں میں ٹاپر سمیت دو امیدوار پرتاپ گڑھ کے رہنے والے ہیں۔پریاگ راج کے بھائی بہن کی جوڑی نے بھی ٹاپ 15 میں جگہ بنا کر ضلع کا جلوہ برقرار رکھا۔قابل ذکر ہے کہ ریاستی پبلک سروس کمیشن، پریاگ راج نے بدھ کی رات پی سی ایس 2021 کے نتائج کا اعلان کیا۔ اس میں پرتاپ گڑھ کے ماندھاتا کے راج گڑھ کے رہنے والے اتل کمار سنگھ نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔وہیں پریاگ راج کے میجا کے رہنے والے وویک سنگھ نے اس امتحان میں آٹھویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ وویک کی چھوٹی بہن سندھیا سنگھ نے 12 واں رینک حاصل کرکے دونوں بہن بھائی ڈپٹی کلکٹر کے عہدے پر منتخب ہوکر تاریخ رقم کردی ہے۔اس بارکے امتحانی نتائج میں دو طالبات نے ٹاپ ٹین میں جگہ بنائی ہے۔ اناؤ کی سومیا مشرا دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ اتراکھنڈ کے دہرادون کی رہنے والی ملیکا نین نے دسویں پوزیشن حاصل کی۔ اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک اور امیدوار، رودر پور کے رہنے والے چندرکانت بگوریا نے ٹاپ ٹین میں پانچواں رینک حاصل کیا ہے۔ اتر پردیش سے باہر کی ریاست سے امتحان میں شامل ہونے والے دہلی کے ششی شیکھرتیسرے امیدوار ہیں، جنہوں نے ساتویں رینک حاصل کرکے ٹاپ ٹین میں جگہ بنائی ہے۔پی سی ایس امتحان میں پرتاپ گڑھ کے امندیپ تیسرے نمبر پر رہے۔ غورطلب ہے کہ کمیشن نے 12 جولائی کو مرکزی امتحان کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔ جس میں مختلف طرح کی 623 آسامیوں پر 1285 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا۔ 1285 میں سے 1260 امیدواران انٹرویو میں شریک ہوئے۔ٹاپ ٹین میں رینکنگ حاصل کرنے والے جونپور کے باشندے نشانت اپادھیائے چوتھے نمبر پر رہے، فتح پور کے رہنے والے پروین کمار دویدی نے چھٹا اور لکھیم پور کھیری کے رہائشی امت سنگھ نے نواں مقام حاصل کیا۔11ویں سے 20ویں رینک تک کے کامیاب امیدواروں پر لڑکیوں کا غلبہ رہا۔ اس کلاس میں چھ لڑکیوں نے بازی ماری۔ امتحان کے نتائج میں سید ثانیہ سونم اعجاز نے 11ویں اور سندھیا سنگھ نے 12ویں رینکنگ حاصل کی ہے۔ ان کے علاوہ 15ویں مقام پر انجلی سنگھ، 18ویں پر مسیحا نجم، 19ویں پر انورادھا رانی اور 20ویں مقام پر پوروا ڈپٹی کلکٹر کے عہدے کے لیے منتخب ہونے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اس زمرے میں پریتوش مشرا 13 ویں، راہل دویدی 14 ویں، ارنو مشرا 16 ویں اور دیپک ماتھر 17 ویں نمبر پر رہے۔اس امتحان کا نتیجہ پبلک سروس کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ ‘یوپی پی سی ایس ڈاٹ یوپی ڈاٹ این آئی سی ڈاٹ ان‘ پردیکھا جا سکتا ہے۔