شمال مشرق میں تریپورہ میں سب سے زیادہ منشیات برآمد کی گئیں: مانک ساہا

اگرتلہ، اکتوبر ۔ تریپورہ کے وزیر اعلی مانک ساہا نے منگل کے روز منشیات کی اسمگلنگ کے واقعات سے نمٹنے کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی ایک یونٹ کے قیام کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ شمال مشرقی خطہ میں گزشتہ چار برسوں کے دوران تریپورہ میں سب سے زيادہ منشیات ضبط کی گئیں۔مسٹر مانک ساہا نے دو دن قبل گوہاٹی میں شمال مشرق کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق معاملات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی منشیات کی اسمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔وزیر اعلی نے کہا، غیر قانونی ادویات میانمار سے تریپورہ کے راستے درآمد کر کے بنگلہ دیش لے جایا جا رہی ہیں۔ یہ سرگرمی برسوں سے جاری ہے، اس لیے ہمیں بحران کو کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ ہم نے پہلے ہی اپنے طور پر منشیات کی لعنت سے نمٹنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں اور مرکز سے بھی اس لڑائی میں ہماری مدد کرنے کی درخواست کی ہے۔مسٹرمانک ساہا نے کہا کہ جب انہوں نے مسٹر امت شاہ کو بتایا کہ تریپورہ میں بھانگ کی کاشت سے بڑی تعداد میں کسانوں کی زندگی اور معاش وابستہ ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ بھانگ کو نسبتاً زيادہ منافع بخش فصلوں سے بدلنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔انٹیلی جنس رپورٹس سے حاصل کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت اب منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018 سے اگست 2022 تک منشیات اور غیر قانونی ادویات سے متعلق 1776 مقدمات میں 2701 سے زائد اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تریپورہ کے مختلف حصوں سے 1.92 کلو گرام سے زیادہ بھانگ، 8.88 لاکھ ممنوعہ کھانسی کی شربت کی بوتلیں، 45.63 لاکھ خواب آور گولیاں اور 18،073 گرام ہیروئن ضبط کی گئی۔ پولیس ریاست میں چل رہے منشیات کے ریکیٹ کے خلاف مربوط انداز میں کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تریپورہ بنگلہ دیش کے ساتھ غیر محفوظ بین الاقوامی سرحد سے متصل ہے، اس لیے اسمگلر کے لیے اسے اسمگل کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر داخلہ پر زور دیا کہ وہ ہند-بنگلہ دیش سرحد پر خاردار باڑ لگانے کے کام میں تیزی لائیں اور بغیر باڑ والے علاقوں کی نگرانی کے لیے ڈرون اور سیٹلائٹ امیجنگ جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے میں تریپورہ کی مدد کریں۔

Related Articles