وجئے دشمی کے موقع پر وزیراعلی تلنگانہ، قومی پارٹی کا آغاز کریں گے
حیدرآباد، اکتوبر۔وجئے دشمی کے موقع پر کل ٹی آرایس سربراہ و وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو کی قومی پارٹی کا مہورت بدھ کی دوپہر ایک بجکر19منٹ پر نکلا ہے۔نئی قومی جماعت کا نام امکان ہے کہ بھارت راشٹرا سمیتی ہوگا۔ٹی آرایس (تلنگانہ راشٹراسمیتی)کا قیام 27اپریل 2001کو عمل میں لایاگیا تھا جس کا مقصد تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دلانا تھا۔اب 21سال پرانی پارٹی کو قومی جماعت میں تبدیل کردیاجائے گا۔اس رسمی اعلان سے پہلے بدھ کو ریاستی وزرا، ٹی آرایس کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ارکان کونسل، پارٹی کی عاملہ کے ارکان، ضلع پریشدصدور نشین، پارٹی کے ضلعی صدوراور کارپوریشنس کے صدورنشین کے ساتھ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔اس اجلاس کا آغاز 11بجے دن ہوگا۔اس موقع پر ٹی آرایس کو قومی جماعت قراردینے کی قرارداد منظور کی جائے گی۔توقع ہے کہ پارٹی کے صدر چندرشیکھرراو، قومی جماعت کے ایجنڈہ کا اعلان کریں گے۔یہ ایجنڈہ امکان ہے کہ ترقیاتی اور بہبودی پروگراموں پر مشتمل ہوگاجس پر ریاست میں عمل کیاجارہا ہے۔ان میں کسانوں کو مفت بجلی، سال میں دو فصلوں کے لئے کسانوں کورقمی امداد کے سلسلہ میں رعیتوبیمہ اسکیم بھی شامل ہے۔ذرائع نے کہاکہ اس اجلاس میں منظورہ قرارداد میں شرکا سے حاصل کردہ دستخطوں کو پارٹی کے رجسٹریشن کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن کو بھیجاجائے گا۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو، بی آرایس کے رسمی اعلان کے لئے دہلی میں بڑے پیمانہ پر جلسہ سے خطاب کریں گے۔وہ ملک گیر دورہ کے لئے 12نشست والے طیارہ کا استعمال کریں گے۔کے چندرشیکھرراو کامقصد عوامی ایجنڈہ کے ساتھ قومی سیاست میں داخل ہونا ہے تاکہ علاقائی جماعتوں کو متحد کیاجاسکے۔امکان ہے کہ ٹی آرایس کی جگہ بننے والی اس نئی پارٹی کے بینر تلے پہلا ضمنی انتخاب، 3نومبر کو منوگوڑہ کا ہوگا۔کے چندرشیکھرراو کی نئی پارٹی 2024کے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے گی اور اس سے پہلے بعض ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں بھی پارٹی حصہ لے گی۔امکان ہے کہ بی آرایس کے پرچم کا رنگ گلابی ہوگا اورپارٹی کاانتخابی نشان کار ہی رہے گا، البتہ ٹی آرایس کے جھنڈے میں جو تلنگانہ کا نقشہ ہے، اس نقشہ کی جگہ ہندوستان کا نقشہ ہوگا۔