کانگریس متحد نہیں، معطلی کا اصل سبب سستی مقبولیت حاصل کرنا ہے: نروتم

بھوپال، مارچ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے آج کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس متحد نہیں ہے، یہ گزشتہ دو دنوں کے واقعات سے واضح ہو گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایوان سے معطل کانگریس کے ایم ایل اے جیتو پٹواری کے حوالے سے کہا کہ اسمبلی سے معطلی کی اصل وجہ سستی مقبولیت کے لیے ایوان کو گمراہ کرنا ہے۔ڈاکٹر مشرا نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ کانگریس بالکل بھی متحد نہیں ہے، یہ ایم ایل اے جیتو پٹواری کی معطلی پر کانگریس کے سینئر لیڈروں کی خاموشی اور اسمبلی اسپیکر کے خلاف لائی گئی تحریک عدم اعتماد پرسابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اورنصف ارکان اسمبلی کے دستخط نہ کرنے سے واضح ہوگیا ہے۔مسٹر پٹواری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی معطلی کا اصل سبب سستی مقبولیت کے لیے ایوان کو استعمال کرنا اور کانگریس کی اندرونی لڑائی کے درمیان خود کو بڑا لیڈر ثابت کرنا ہے۔ یہ مسٹرپٹواری کی شروع سے کوشش رہتی ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ کانگریس ایم ایل اے کی معطلی کی تجویز انہوں نے پیش کی، اسپیکر مسٹر گوتم نے توصرف ایوان کی رائے طلب کی اور ایوان نے معطل کیا۔ کانگریس کو عدم اعتماد کی تحریک لانی تھی تو ان کے (ڈاکٹر مشرا) کے خلاف لاتے، لیکن وہ اسپیکر کے خلاف یہ تحریک لا رہے ہیں۔

Related Articles