دھامی نے نانا پاٹیکر کو پہاڑی ٹوپی پہنائی
دہرادون، اکتوبر۔ مشہور فلمی اداکار وشواناتھ عرف نانا پاٹیکر ہفتہ کو اتراکھنڈ کے دہرادون میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچے۔ جہاں وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے پہاڑی ٹوپی پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ مسٹر دھامی نے کہا کہ اتراکھنڈ میں فلم انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ فلم پالیسی کو مزید پرکشش بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فلم ساز ریاست میں آئیں۔ انہوں نے مسٹر پاٹیکر کو بتایا کہ سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعے شوٹنگ کی اجازت دی جارہی ہے۔ شوٹنگ کے لیے کوئی فیس نہیں لی جا رہی ہے۔ 68 ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے تحت ریاست اتراکھنڈ نے موسٹ فلم فرینڈلی اسٹیٹ (اسپیشل مینشن) کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ فلم اداکار پاٹیکر نے کہا کہ دیو بھومی اتراکھنڈ کی قدرتی خوبصورتی فلموں کی شوٹنگ کے لیے بہت پرکشش ہے اور فلم شوٹنگ کے لیے ماحول بھی بہت اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیو بھومی اتراکھنڈ کے لوگ بہت اچھے ہیں، یہاں کے لوگوں کے رویے میں نرمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں دیو بھومی اتراکھنڈ میں فلم کی شوٹنگ کا اچھا تجربہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتراکھنڈ میں اپنا گھر بنانا چاہتے ہیں۔ واضح ر ہے کہ آج کل نانا پاٹیکر اتراکھنڈ میں ایک مراٹھی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔