کانگریس داخلی اقتدار بچانے میں مصروف: ترویدی

شملہ ،ستمبر۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ترجمان اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سدھانشو ترویدی نے کہا ہے کہ کانگریس کی موجودہ حالت خراب ہے اور وہ داخلی اقتدارکو بچانے میں مصروف ہے۔مسٹرترویدی نے کہا کہ ایک طرف بھارت جوڑو یاترا چل رہی ہے تو دوسری طرف کانگریس کے لیڈر کانگریس کوچھوڑکر جا رہے ہیں۔ جہاں بی جے پی مودی جی کی قیادت میں سیوا پکھواڑا منا رہی ہے وہیں کانگریس اندرونی اقتدار کی کشمکش میں مصروف ہے۔جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرترویدی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دل میں ہماچل کا ایک خاص مقام ہے۔ وزیر اعظم ہماچل پردیش کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور اٹل بہاری واجپئی کا منالی پرینی میں اپنا گھر ہے اور بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا کا تعلق ہماچل کے بلاس پور سے ہے اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کا تعلق ہمیر پور سے ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماچل کا بی جے پی کی نظروں میں خاص مقام ہے۔مسٹر سدھانشو نے کہا کہ ریاست کی جئے رام حکومت نے سماج کے ہر شعبے میں بہترین کام کیا ہے۔ کووڈ 19 ویکسینیشن میں صد فیصد ٹیکہ کاری کا ہدف سب سے پہلے مکمل کرنے پر ہماچل پردیش کو مبارکباد دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ایمس بلاسپور جو کہ 15 سوکروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ مکمل سہولیات کے ساتھ جلد ہی عوام کے لیے وقف کیا جائے گا اور صحت کے شعبے میں ہماچل جیسی چھوٹی ریاست کو 6 میڈیکل کالج ڈبل انجن حکومت کی خاص دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ 450 کروڑ روپے کی لاگت سے پی جی آئی کا سیٹلائٹ سنٹر اونا میں تیار کیا جا رہا ہے، اس کے ساتھ ہی ہماچل کو لیول ون سے لیول تھری ٹراما سنٹر دیے گئے ہیں۔ان کے مطابق، کووڈ کے دور میں بھی، ڈبل انجن والی حکومت نے ریاست کی صحت کی سہولیات کو بہت مضبوط کیا ہے، جہاں پہلے ریاست میں 32 وینٹی لیٹر تھے، وہاں آج ایک ہزار سے زیادہ وینٹی لیٹر اور پانچ ہزار سے زیادہ آکسیجن کنسنٹریٹر ہیں۔ جبکہ ہماچل پردیش میں کانگریس کی حکومت کے دوران صرف دو آکسیجن پلانٹ تھے۔

Related Articles