ریاست میں کووڈ19 کے یومیہ 01 لاکھ 50 ہزار ٹیسٹ کروائے جائیں: وزیر اعلیٰ
کانپورشہر ، وارانسی ، پریاگراج اور گورکھپور میں طبی جانچ میں اضافے کی ہدایت
لکھنؤ:وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کے انفیکشن کو کنٹرول کرنے میں جانچ کا اہم کردار ہے۔ اس کے پیش نظر ریاست میں کووڈ19 کے یومیہ 01 لاکھ 50 ہزار ٹیسٹ کروائے جائیں۔ انہوں نے کانپورشہر ، وارانسی ، پریاگ راج اور گورکھپور اضلاع میں میڈیکل ٹیسٹنگ میں اضافہ کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں لوک بھون میں ایک اعلی سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی اضلاع میں وینٹی لیٹروں /ایچ ایف این سی (ہائی فلو نیزل کینولا) کو فعال رکھا جائے۔ اس ضمن میں آج شام تک حکومت کو ایک رپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے کووڈ اسپتالوں میں ڈائیلیسز مشین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیپے ٹائٹس بی کے مریضوں کے لئے ہر ضلع میں ایک ڈیڈیکٹیڈ ڈائیلیسز مشین فراہم کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کووڈ اور نان کووڈاسپتالوں میں کم از کم 48 گھنٹے کا آکسیجن بیک اپ کے بندوبست رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اورمحکمہ طبی تعلیم کے اسپتالوں میں کم از کم 48 گھنٹے کے آکسیجن فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہوم کوارنٹین میں رہنے والے لوگوں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع سطح کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ ہیلپ لائن کے ذریعے اپنی صحت سے متعلق معلومات حاصل کریں۔
وزیر اعلیٰ نے صفائی اور سینٹائزیشن کے کام کو موثر طریقہ سے انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر کے مہینے میں ویکٹر سے پیدا ہونے والے امراض کے پھیلنے کا زیادہ امکان ہے۔ اس کے پیش نظر صفائی اور سینٹائزیشن کے عمل میںپوری طرح احتیاط برتا جائے۔ دفاتر میں سرکاری ملازمین کی بروقت حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موثر نگرانی کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں معائنہ بھی کیا جائے۔ وقت پر حاضر نہ ہونے پر متعلقہ کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ نہروں کو روسٹر کے مطابق پوری صلاحیت سے چلائیں ، تاکہ کاشتکاروں کو آبپاشی کے لئے پانی دستیاب ہوسکے۔ کاشتکاروں کو کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس کام میں کسی قسم کی تساہلی نہ برتی جائے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کو ہونے والے نقصانات کا سروے کر کے جلد از جلد کاشتکاروں کو معاوضہ دیا جائے۔ متاثرہ علاقوں میں مکانات کو نقصان پہنچنے کی صورت میں منظور رقم کی تقسیم بروقت کی جائے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ان کے ذریعہ منطقائی معائنہ کیا جائے گا۔ منطقائی معائنہ میں ،منطقائی کمشنر 50 کروڑ روپئے سے زائد کے ترقیاتی پروجیکٹ کے بارے میں پرزینٹیشن پیش کریں گے۔ ضلع مجسٹریٹ اپنے اپنے اضلاع کے ترقیاتی پروجیکٹ کے سلسلہ میں پرزینٹیشن بھی پیش کریں گے۔ انہوں نے اسمارٹ سٹی مشن اور امرت یوجنا کے پروجیکٹوں کو تیز کرنے اور ان کی پیش رفت کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اس موقع پر وزیر طبی تعلیم جناب سریش کھنہ ، وزیر صحت جناب جئے پرتاپ سنگھ ، چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری ، کمشنر انفرااسٹریکچر و صنعتی ترقیات جناب آلوک ٹنڈن ، زرعی پیداوار کمشنر جناب الوک سنہا ، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو متل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ و اطلاعات جناب اونیش کمار اوستھی ، ڈائرکٹر جنرل پولیس جناب ہیتش سی اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینوکا کمار ، ایڈیشنل چیف سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد ، ایڈیشنل چیف سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے ،ایڈیشنل چیف سکریٹری ایم ایس ایم ای جناب نونیت سہگل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری زراعت جناب دیویش چترویدی ، پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھونیش کمار ، سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار ،ڈائریکٹر اطلاعات جناب ششر اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
٭٭٭٭٭
سلیم احمد-سید نازش احمد