حیدرآباد:چلتی کار کی کھلی ڈکی میں بچے۔ویڈیو وائرل،گاڑی کے مالک کوپولیس کا چالان
حیدرآباد، ستمبر۔سرپرستوں کے لاپرواہ رویہ سے حیرت زدہ ہوکرٹوئیٹر استعمال کرنے والے ایک صارف نے ویڈیوشیئرکی۔اس مختصر ویڈیو میں دکھایاگیا ہے کہ چھوٹے بچے کار کے پچھلے حصہ میں واقع ڈکی میں بیٹھے ہیں اور کار کی ڈکی کادروازہ کھلا ہے۔اس ویڈیو پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سائبرآباد ٹریفک پولیس نے گاڑی سوار کو چالان کیا۔ سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر کے اس صارف نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل سے ا س ویڈیو کو پوسٹ کیا جو دوسری کار سے لیاگیا ہے۔اس ویڈیو میں دکھایاگیا ہے کہ چلتی کار میں ڈکی میں بچے بیٹھے ہوئے ہیں اور ڈکی کا دروازہ کھلاہوا ہے۔یہ بچے کھلونوں سے کھیل رہے ہیں جبکہ بالغ افراد اندر کی سیٹ پر بیٹھے ہوئے ہیں۔اس صارف نے ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کے والدین کتنے غیرذمہ دار ہیں؟یہ ٹوئیٹ پولیس کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی تارک راما راو کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے بھیجاگیا۔اس ٹوئیٹ پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے سائبرآبادٹریفک پولیس نے کار کے نمبر پلیٹ کی جانچ کی اور چالان جاری کیا۔ساتھ ہی اس صارف کو اس بات کی اطلاع بھی دے دی گئی۔اس ویڈیو کے منظرعام پرآنے کے بعد ٹوئیٹر اور دیگر سوشیل میڈیا پر سرگرم افراد میں برہمی پائی جاتی ہے جو ان بچوں کے لاپرواہ ماں بات کے رویہ پر حیرت کااظہار کررہے ہیں۔