اتراکھنڈ میں پل کے سٹرنگ پر ملبہ گر ا، دو مزدوروں کی موت

رودرپریاگ/دہرا دون , جولائی۔اتراکھنڈ کے رودرپریاگ ضلع میں سروب گڑھ-نرکوٹہ قومی شاہراہ پر زیر تعمیر پل کے سٹرنگ پر پہاڑ سے ملبے میں آٹھ مزدور دب گئے۔ ان میں سے دو مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چار کو تشویشناک حالت میں سری نگر بیس اسپتال بھیجا گیا ہے۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ترجمان للیتا نیگی نے بتایا کہ بدھ کی صبح دو فوری ریسکیو ٹیمیں پوسٹ رتوڑا اور آگستیامونی سے ریسکیو آلات کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچیں۔ جہاں زیر تعمیر پل کے ایک کنارے کے سریے ایک طرف جھک جانے سے آٹھ مزدور دب گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں نے مقامی ریسکیو یونٹس کے ساتھ مل کر چھ مزدوروں کو نکال لیا ہے۔ جن میں سے چار زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔ دو معمولی طور پر زخمی مزدوروں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی ۔محترمہ نیگی نے بتایا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے دو مزدوروں کی لاشیں سلاخوں کے درمیان پھنسی ہوئی تھیں۔ جنہیں ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے کٹر کی مدد سے سلاخوں کو کاٹ کر دونوں لاشیں نکال کر ضلع پولیس کے حوالے کر دیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت کنہیا( 20)، ساکن فرخ آباد، اتر پردیش اور پنکج، ( 22)، ساکن گجر پور، ضلع شاہجہاں پور، اتر پردیش کے طور پر کی گئی ہے۔ جبکہ شدید زخمیوں کی شناخت رامو ساکن گجر پور، رگھوویر، انیل، دونوں ساکن فیضان پور، ضلع شاہجہاں پور، اتر پردیش اور بھورا ساکنہ بہار کے طور پر ہوئی ہے۔ضلع مجسٹریٹ میور دکشت اور دیگر اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔

 

Related Articles