مہاراشٹر میں حکومت پوری طرح چوکس: شندے
ممبئی، جولائی ۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے بدھ کے روز کہا کہ ریاست میں حکومت موسلادھار بارشوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال پر پوری توجہ دے رہی ہے اور تمام ضلع کلکٹروں سے رابطہ کرکے ہم آہنگی قائم کی جارہی ہے۔ مسٹر شندے نے یہ بھی کہا کہ چیف سکریٹری منو کمار سریواستو کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے اور انہیں ریاست کی صورتحال پر مستقل تال میل برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وہ گروپورنیما کے موقع پر دادر شیواجی پارک میں ہندو ہردئے سمراٹ آنجہانی بالاصاحب ٹھاکرے کو ان کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ مسٹر شندے نے کہا ’’میں بدھ کی صبح سے تمام ضلع کلکٹروں سے بات کر رہا ہوں۔ شہریوں کو ڈیموں سے پانی چھوڑنے کے اوقات سے آگاہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مجموعی طور پر تمام انتظامات چوکس اور تیار ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے اگر کوئی ہنگامی صورتحال پیدا ہو جائے تو ایمرجنسی کنٹرول سسٹم فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی کوشش کرتا ہے۔ ضلع کلکٹر کو اب تک ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بے گھر افراد کو خوراک اور تمام ضروری سہولیات فراہم کریں۔