الزامات سے بری کئے جانے کی لالو کی عرضی خارج

پٹنہ ،جون۔ بہار میں پٹنہ واقع ایک خصوصی عدالت نے راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) سربراہ لالو پرساد یادو کی جانب سے ہتک عزت کے ایک معاملے میں داخل الزامات سے بری کئے جانے کی عرضی کو آج خارج کر دیا۔اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کے معاملوں کی سماعت کیلئے تشکیل ایک خصوصی عدالت کے ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ آدی دیو نے مسٹر یادو کی جانب سے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 258 کے تحت دائر کی گئی عرضی پر دونوں فریق کی بحث کو سننے کے بعد اسے خارج کر دیا۔ساتھ ہی عدالت نے استغاثہ فریق کو اپنے گواہ پیش کرنے کیلئے 23 جون 2022 کی آئندہ کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ عرضی میں کہا گیاتھاکہ معاملے کے شکایتی خط کے مطالعہ سے ہتک عزت کا معاملہ نہیں بنتا ہے اس لئے انہیں الزامات سے بری کیاجائے ۔معاملہ سال 2017 کا ہے ۔ ایک ماہر تعلیم ادئے کانت مشرا کے شکایتی خط کی بنیاد پر یہ شکایتی مقدمہ نمبر 4530( سی ) 2017 درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں مسٹر یادو کے اس بیان کو ہتک عزت والا بتایا ہے ، جس میں سرجن گھوٹالے کے تعلق سے مبینہ طور سے مسٹر یادو نے کہا تھاکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار گھوٹالے کے بارے میں جانتے تھے ۔ ، وہ بتائیں کہ بھاگلپور میں ادئے کانت مشرا کے گھر کیوں ٹھہرتے ہیں۔

 

Related Articles