راستے اگر پتھریلے تھے تو ہمارے ارادے فولادی تھے – بھوپیش
رائے پور، جون۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے جنجگیر-چمپا ضلع کے پہرید میں بورویل میں پھنسے 11 سالہ لڑکے راہل ساہو کو کامیاب بچائے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش کی، انہوں نے کہاکہ راہل کے بحفاظت بچ جانے پر چھتیس گڑھ جشن منا رہا ہے۔ راہل کے محفوظ نکل آنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر بگھیل نے کہا کہ تقریباً 104 گھنٹے بورویل میں پھنسے رہنے کے باوجود راہل نے بڑی ہمت دکھائی۔ یہ ریسکیو آپریشن بہت چیلنجنگ تھا جسے ریسکیو ٹیموں نے بہت صبر، سمجھداری اور حوصلے سے مکمل کیا ہے۔ مسٹر بگھیل نے کہا کہ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ایس ای سی ایل، چھتیس گڑھ ریاستی پولیس، فوج، طبی ٹیم اور انتظامی عہدیداروں سمیت ریسکیو ٹیم میں شامل ہر ٹیم اور ہر فرد نے مشترکہ طور پر راہل کو بورویل سے نکالنے کا مشکل کام کر دکھایا۔ ٹویٹ کر کے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’مانا کہ چیلنج بڑا تھا لیکن ہماری ٹیم بھی کہاں پر سکون کھڑی تھی۔ اگر راستے پتھریلے تھے تو ہمارے ارادے فولادی تھے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سب کی دعاؤں اور ریسکیو ٹیم کی انتھک محنت سے راہل ساہو کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ وہ جلد از جلد مکمل طورپر صحت یاب ہو جائے۔ مسٹر بگھیل نے کہا کہ میں ذاتی طور پر راہل اور ان کے اہل خانہ کو درپیش بحران سے بہت فکرمند تھا۔ مجھے ہر لمحہ اپ ڈیٹ مل رہا تھا۔ میں نے راہل کے گھر والوں سے فون پر بات چیت کی تھی اور انہیں یقین دلایا تھا کہ ہم ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر کھلے چھوڑے ہوئے بورویل کے بارے میں سب کو چوکنا کردیا ہے۔ میں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے خطرناک بورویلوں کو بند کرنے کو یقینی بنائیں۔