پریاگ راج میں نماز جمعہ کے بعد پتھراؤ
پریاگ راج، جون۔اتر پردیش کے پریاگ راج میں جمعہ کو نماز جمعہ کے بعد کچھ انتشار پسندوں نے پتھراؤ کا واقعہ پیش کیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے علاقے خلد آباد کے عطالہ باغ میں واقع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد لوگوں کے ایک گروپ نے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے بارے میں کیے گئے متنازعہ ریمارکس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی۔ اس دوران کچھ لوگوں نے پتھراؤ بھی کیا۔علاقے میں تعینات پی اے سی، ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) اور پولیس فورس کی ٹیموں نے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ پتھراؤ کے دوران کچھ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق شرپسندوں نے سینئر افسران کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔شہر کے نور اللہ روڈ علاقے میں بھی نعرے بازی اور پتھراؤ کی اطلاع ملی ۔ جمعہ کو شہر میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ فی الحال ان واقعات کے حوالے سے مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔