کشمیر کے اسکولوں میں مہلوک استانی رجنی بالا کی یاد میں دو منٹوں کی خاموشی اختیار کی گئی

سری نگر،جون ۔ وادی کشمیر کے اسکولوں میں جمعرات کو مارننگ اسمبلی کے دوران دو منٹوں کی خاموشی اختیار کرکے مہلوک استانی رجنی بالا کو یاد کیا گیا۔موصوف استانی پر مشتبہ جنگجوؤں نے 31 مئی کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گوپال پورہ ہائی اسکول میں گولیاں بر سائی تھیں جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی تھی۔حکام نے ان کے انتقال کے دسویں دن کے موقع پر اسکولوں میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے احکامات صادر کئے تھے۔وادی کے تمام اضلاع کے اسکولوں میں جمعرات کی صبح مارننگ اسمبلی کے دوران طلبا اور عملے نے مہلوک استانی کی یاد میں دو منٹوں کی خاموشی اختیار کی۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ گورنمنٹ ہائی اسکول گوپال پورہ کو رجنی بالا کے نام سے موسوم کیا جائے گا۔انہوں نے بدھ کے روز اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ’کولگام کے گورنمنٹ ہائی اسکول گوپال پورہ کو شریمتی رجنی بالا کے نام سے موسوم کیا جائے گا‘۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’ان کے شوہر شری راج کمار کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبوں کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا‘۔

 

Related Articles