بپلب نے بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر استعفیٰ دیا
اگرتلہ، مئی۔ ایک غیرمتوقع سیاسی واقعہ میں تریپورہ کے وزیر اعلیٰ بپلب کمار دیب نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ مسٹر دیب نے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو کے ساتھ آج یہاں راج بھون پہنچ کر گورنر ستیہ دیو نارائن آریہ کو اپنا استعفیٰ سونپا۔ انہوں نے اپنے ایک سطری استعفی خط میں کہا "میں 14.5.2022 سے تریپورہ کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے اپنا استعفیٰ دیتا ہوں،” بعد ازاں انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر استعفیٰ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’میری پارٹی نے مجھ سے استعفیٰ دینے کے لئے کہا ہے۔ اب پارٹی چاہتی ہے کہ میں تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے کام کروں کیونکہ انتخابات نزدیک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے ریاست کی ترقی کو ترجیح دینے کی کوشش کی ہے تاکہ یہاں کے لوگ خوشحالی اور سکون سے رہ سکیں۔ وزیراعلی کی حیثیت سے میں نے لوگوں کے لئے انصاف یقینی بنانے کی کوشش کی۔ جم انسٹرکٹر رہے مسٹر دیب نے 2018 کے ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی-آئی پی ایف ٹی اتحاد کی زبردست جیت اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کی قیادت والے بائیں محاذ کی25 سالہ حکومت کے خاتمے کے بعد وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ذرائع کے مطابق نئے لیڈر کے انتخاب کے لیے آج شام سات بجے بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ہونے کا امکان ہے۔




