وزیر صحت برجیش پاٹھک کا وارانسی میں اچانک معائنہ

لکھنؤ:اپریل۔اترپردیش میں طبی خدمات کی زمینی حقیقت کا جائزہ لے رہے نائب وزیر اعلی و وزیر صحت برجیش پاٹھک نے ہفتہ کو ضلع وارانسی میں واقع پنڈٹ دین دیال اپادھیائے سرکاری اسپتال کا اچانک معائنہ کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں طبی خدمات کو عالمی معیار کا بنانے کا دو دن قبل عزم کر کے گئے پاٹھک نے آج صبح آٹھ بجے بغیر کسی سیکوٹی گارڈ کے ایک پرائیویٹ گاڑی کو خود چلا کر اسپتال پہنچ کر طبی خدمات کا اچانک معائنہ کیا۔ ماسک پہن کر اکیلے اسپتال کے احاطے میں داخل ہونے والے وزیر صحت پہلے او پی ڈی کاؤنٹر پر پہنچے اور فارم بنوانے کے لیے لائن میں کھڑے ہو کر اپنے نام کا پرچہ حاصل کیا۔اس دوران پاٹھک نے اسپتال کے احاطے کے او پی ڈی وارڈ میں بیٹھے مریضوں سے ایک ایک کرکے بات کی اور اسپتال میں طبی خدمات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس کے بعد وہ ایکسرے ڈیپارٹمنٹ پہنچے اور ایکسرے مشین بند ہونے پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سی ایم او کی سرزنش کی۔ انہوں نے دونوں افسران کو ایکسرے مشینوں کی مرمت کراکر ہفتہ کی شام تک کام شروع کر نے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ مشینیں کسی بھی حالت میں شروع کی جائیں، انہیں بالکل بند نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے طبی عملے سے کہا کہ وہ مریضوں کو خدا کا روپ سمجھ کر ان کی خدمت کریں۔ اس کے بعد پاٹھک نے اسپتال کے احاطے میں عملے کا رجسٹر چیک کیا جس میں کچھ لوگ غیر حاضر پائے گئے اور کچھ ملازمین کی جانچ زیر التوا ملی۔ اس معاملے میں پاٹھک نے صحت کے ڈائریکٹر جنرل کو فون کیا اور ان سے ایک رپورٹ تیار کرکے آج شام تک ان کے دفتر بھیجنے کو کہا۔پاٹھک نے طبی عملے کو متنبہ کیا کہ غفلت کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سبھی اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ریاست کے تمام اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے اسپتال کے انچارج کو ہدایت کی کہ اسپتال میں پینے کے پانی اور طبی خدمات سمیت دیگر ضروری خدمات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایک بار پھر اتر پردیش کو صاف ستھرا اور صحت مند ریاست بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

Related Articles