لالوکی ضمانت عرضی پر آئندہ ہفتے سماعت ہوگی
رانچی ، اپریل۔ اربوں روپے کے مشہور چارہ گھوٹالہ کے ڈرونڈا ٹریژری معاملے میں سزایافتہ لالو پرساد یادو کی ضمانت عرضی پر جمعہ کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں سماعت نہیں ہوئی۔ضمانت عرضی پر اب آئندہ ہفتہ سماعت ہوگی ۔ہائیکورٹ میں لالو پرساد کی ضمانت عرضی پر آج جس بینچ میں معاملہ درج تھا، وہ بینچ آج نہیں بیٹھی ، جس کی وجہ سے اب معاملے کی سماعت آئندہ ہفتہ ہوگی ۔ ہائیکورٹ میں چارہ گھوٹالہ سے متعلق معاملے میں ہفتہ میں صرف جمعہ کو ہی سماعت ہوتی ہے ، اس وجہ سے معاملے کی سماعت آئندہ جمعہ 8 اپریل کو ہوگی ۔اس سے قبل لالو پرساد کو ڈرونڈا ٹریژری سے غیر قانونی نکاسی سے متعلق رانچی واقع سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 21 فروری کو 5 سال جیل کی سزا اور 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی ۔ اس سے قبل لالو کو چارہ گھوٹالہ کے چار دیگر معاملوں میں سزا مل چکی ہے ، لیکن ان معاملوں میں آرجے ڈی سپریمو کو ضمانت بھی مل چکی ہے اور اگر ڈرونڈا ٹریژری سے متعلق معاملے میں انہیں ضمانت مل جائے گی تو ان کے جیل سے باہر نکلنے کا راستہ صاف ہوجائے گا۔فی الحال لالوپرساد بیمار ہیں اور ریمس کے پئنگ وارڈ میں ایک ماہ سے زائد تک داخل رہنے کے بعد طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد بہتر علاج کیلئے دہلی واقع ایمس میں داخل کرایا گیاہے ۔