حکومت ’لُک بزی ، ڈو ناتھنگ‘ کی پالیسی پر چل رہی ہے: ہڈا

چنڈی گڑھ، فروری۔ ہریانہ میں اپوزیشن لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا نے جمعرات کے روز الزام لگایا کہ ریاست میں بی جے پی-جے جے پی مخلوط حکومت ’لُک بزی ، ڈو ناتھنگ‘ کی پالیسی پر چل رہی ہے۔مسٹر ہڈا نے اسمبلی اجلاس کے لیے کانگریس کی تیاریوں کے سلسلے میں یہاں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس آنے والے اسمبلی اجلاس میں مخلوط حکومت کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کے ایم ایل اے عوامی امور سے متعلق مختلف مسائل پر بحث کے لیے تجاویز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں بے روزگاری، کسانوں کی حالت زار، فصلوں کا معاوضہ، پانی کی کمی، بزرگوں کی پنشن میں کٹوتی، بڑھتے ہوئے جرائم، منشیات، غیر قانونی کانکنی، گھپلے، مہنگائی، تعلیم، صحت اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت عوامی مفاد سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام معاملات پر حکومت کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

Related Articles