اترپردیش میں 35 لاکھ 98 ہزار سے زیادہ کووڈ۔19کی جانچ کرنے والا یوپی ملک کا سب سے آگے: اونیش کمار اوستھی
جانچ کی سرگرمیوں کو پوری صلاحیت سے چلانے کی ہدایت
لکھنؤ: اترپردیش کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انفارمیشن اینڈ ہوم جناب اونیش کمار اوستھی نے آج یہاں لوک بھون میں پریس نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہدایت کی کہ روزانہ کوویڈ۔19 کے 1 لاکھ ٹیسٹ کروانے کی تمام کوششوں کو یقینی بنائیں۔ جناب اوستھی نے کہا کہ ریاست میں آبادی کے تناسب سے کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد کنٹرول میں ہے۔ جانچ کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گزشتہ 2 ماہ میں جانچ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش 3598000 سے زیادہ ٹیسٹ کر کے ملک میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کرنے والی ریاست بن گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور میڈیکل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے آر ٹی پی سی آر کی نئی لیب جلد قائم کی جارہی ہیں۔ اس کے شروع ہوجانے کے بعد جانچ میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ نے جانچ کی سرگرمیوں کو پوری صلاحیت سے چلانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو پوری سرگرمی سے متحرک رکھاجائے ۔ تمام ضروری طبی سامان اور انسانی وسائل کو یقینی بناتے ہوئے L-2 اور L-3 کوویڈ اسپتالوں کے بستروں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولینس سروس کو مزید مستحکم کیا جائے تاکہ مریض کو زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے۔
جناب اوستھی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے لکھنؤ کے اسپتالوں میں بستروں میں اضافے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع لکھنؤ میں 193 ایچ ڈی یو بستر اور 190 آئی سی یو بستر دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ماہ کے آخر تک 320 ایچ ڈی یو اور 125 آئی سی یو کے مزید بستر دستیاب ہوں گے۔