دہلی میٹرو خدمات 169 دن بعد بحال
نئی دہلی، دارالحکومت کی لائف لائن اورپبلک ٹرانسپورٹ کی ریڑھ کی ہڈی تصور کی جانے والی دہلی میٹرو کا سفر169 دن کے بعد پیر کو دوبارہ شروع ہو گیا ۔
عالمی وبا کورونا کے قہر کی وجہ سے احتیاط کے طور پر گزشتہ تقریباََ پانچ ماہ سے بند دہلی میٹروخدمات ، ریپڈ میٹرو،گوروگرام سمیت ییلو لائن پر سمے پور بادلی سے ہڈا سٹی سنٹر کے درمیان صبح 7 بجے بحال کردی گئیں ۔
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے اس کے لئے مکمل تیاری کرلی تھی۔ کورونا انفیکشن کے پیش نظر اسٹیشن کے اندر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں ، تاہم صبح مسافروں کی زیادہ بھیڑ نہیں دیکھی گئی اور زیادہ تر کوچوں میں مسافر کم تھے۔ اسٹیشنوں کے باہر دہلی پولیس کے اہلکار تعینات تھے اور میٹرو اسٹیشن میں سی آئی ایس ایف میں افسران اور جوان پوری طرح مستعد نظر آئے۔
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے ترجمان کے مطابق آج اور کل منگل کے روز صرف ییلو لائن پر 07.00 سے 11.00 اور شام 16.00 سے 20.00 بجے تک میٹرو چلے گی ۔ اس کے بعد 9 ستمبر کو 3/4 ڈبلیو لائن ، دوارکا سیکٹر 21 سے نوئیڈا الیکٹرانک سٹی ، ویشالی اور لائن سات (پنک لائن) مجلس پارک سے شیو وہار کی سروس شروع ہو گی ۔ یہ خدمات صبح اور شام چار چار گھنٹے کے لئے بھی دستیاب ر ہے گی ۔ صبح 7 بجے سے صبح 11 بجے تک اور شام 4 بجے سے شام سات بجے تک میٹرو خدمات دستیاب رہے گی ۔