موڈرنا ویکسین چھ سے گیارہ سال کے بچوں کے لیے محفوظ ہے
نیویارک،اکتوبر۔امریکہ کی دوا ساز کمپنی، موڈرنا کا کہنا ہے کہ کلینیکل ٹرائل سے پتہ چلتا ہے کہ اس کی کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی کم خوراک 6 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے لیے محفوظ ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے 4700 سے زائد بچوں کو تقریباً 28 دن کے وقفے سے اپنی ویکسین کی دو خوراکوں کے ٹیکے لگائے۔ ویکسین کی مقدار بالغوں کو دی جانے والی خوراک سے تقریباً نصف تھی۔ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ بچوں میں پیدا ہونے والی اینٹی باڈیز کی سطح وہی تھی جو مکمل خوراکیں لینے والے بالغوں میں دیکھی گئی تھی۔موڈرنا کا کہنا ہے کہ بچوں میں ویکسین لگنے کے بعد معمولی نوعیت کے سائیڈ ایفکٹس دیکھے گئے جن میں تھکاوٹ، سر درد، بخار اور انجکشن کی جگہ پر درد وغیرہ شامل ہیں؛ جب کہ شدید اثرات، مثلاً دل کی سوزش کی تعداد بہت کم تھی۔ یہ سائیڈ ایفکٹ زیادہ تر لڑکوں اور نوجوانوں میں دیکھا گیا تھا۔موڈرنا کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی اپنے نتائج امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن یعنی ایف ڈی اے اور ادویات کے دیگر عالمی ریگولیٹرز کے سامنے منظوری کے لیے پیش کرے گا۔دوسری جانب ایف ڈی اے منگل کے روز فائزر اور بائیو این ٹیک کی جانب سے ان کی ویکسین پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں کے لیے مؤثر ہونے کے نتائج پر ایک اجلاس میں غور کرنے کے بعد اس کا اجازت دینے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افریقی یونین موڈرنا ویکسین کی 11 کروڑ خوراکیں خریدے گی۔ جن میں سے 15 لاکھ خوراکیں اس سال کے اختتام سے پہلے فراہم ہوں گی جب کہ باقی ماندہ خوراکیں اگلے سال فراہم کی جائیں گی۔ایک اور خبر میں بتایا گیا ہے بیماریوں سے بچاؤ اور کنٹرول کے امریکی ادارے، یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے کروز بحری جہازوں کے لیے کرونا وائرس سے متعلق صحت کے قواعد میں 15 جنوری 2022 تک توسیع کر دی ہے۔ ان قواعد کے تحت کروز جہازوں کے لیے 95 فیصد مسافروں اور عملے کا مکمل طور پر ویکسین شدہ ہونا شامل ہے۔ اس سے قبل یہ پابندی نومبر میں ختم ہو رہی تھی۔