ہندستانی بحریہ کے سربراہ کا آسٹریلیا کا دورہ

نئی دہلی، ستمبر۔ہندوستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار 26 سے 28 ستمبر تک آسٹریلیا کے تین روزہ دورے پر رہے جہاں انہوں نے آسٹریلیا کے دفاعی لیڈروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ معاملات سے منسلک کئی شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ بحریہ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایڈمیرل کمار کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل مارک ہیمنڈ، رائل آسٹریلین نیوی (آر اے این) کے وائس ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن، آسٹریلیائی ملٹری فورسز کے وائس چیف گریگ موریارٹی، سیکرٹری دفاع ایئر مارشل رابرٹ چپ مین، رائل آسٹریلین ایئر فورس اور ایئر وائس مارشل مائیک کیچر ڈپٹی چیف آف جوائنٹ آپریشنز سے ملاقات کی۔ ہندوستانی بحریہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس دوران رہنماؤں کے درمیان کئی دوطرفہ امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق رائے ہوا اور انہوں نے اس حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ آسٹریلیا میں ہندوستانی سفیر من پریت ووہرا نے ایڈمیرل آر ہری کمار کے ہمراہ بحریہ کے سربراہ، آر اے این اور آسٹریلیائی دانشوروں کے ساتھ بات چیت کی اور بحری تعاون کے مواقع کو فروغ دینے پر افہام و تفہیم پیدا کرنے کی کوشش کی۔ بات چیت میں بنیادی طور پر رابطہ کاری کی سطح کو بڑھانے اور میری ٹائم سیکٹر میں درپیش چیلنجوں سے نکلنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ فوج کے بیان میں کہا گیا کہ بحریہ کے سربراہ کے دورہ سے مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملی گی ۔

Related Articles