اگلے 25 سال فرائض کی انجام دہی کے طور پر منائیں: مودی

نئی دہلی، جولائی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آزادی کے امرت مہوتسو کے دوران 13 سے 15 اگست تک لوگوں سے گھر گھر ترنگا لہرانے اورآزادی کے صد سالہ سال تک اگلے 25 سال کا امرت کال ملک کے ہرباشندے کے لیے فرض شناسی کے طور پر کام کرنے کی آج اپیل کی۔ آج یہاں آل انڈیا ریڈیو میں اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات کے 91 ویں ایڈیشن میں خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ اس بار من کی بات بہت خاص ہے۔ اس کی وجہ یہ یوم آزادی ہے، جب ہندوستان اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کرے گا۔ ہم سب ایک بہت ہی شاندار اور تاریخی لمحے کے گواہ بننے جا رہے ہیں۔ ایشور نے ہمیں یہ عظیم سعادت عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آپ بھی سوچئے، اگر ہم غلامی کے دور میں پیدا ہوئے ہوتے تو اس دن کا تصور ہمارے لئے کیسا ہوتا؟ غلامی سے نجات کی وہ تڑپ،غلامی کی زنجیروں سے آزادی کی وہ بے چینی- کتنی زیادہ رہی ہوگی۔ وہ دن ، جب ہم ہر دن لاکھوں ہم وطنوں کو آزادی کے لئے لڑتے، جوجھتے، قربانی دیتے دیکھ رہے ہوتے۔ جب ہم ہر صبح اس خواب کے ساتھ جاگتے کہ میراہندوستان کب آزاد ہوگا اور ہو سکتا ہے، ہماری زندگی میں وہ دن بھی آتا ، جب بندے ماترم اور بھارت ماتا کی جے بولتے ہوئے، ہم آنے والی نسلوں کے لئے اپنی زندگی قربان کر دیتے، زندگی کھپا دیتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 31 جولائی یعنی آ ج ہی کے دن ، ہم تمام اہل وطن، شہید اودھم سنگھ جی کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ میں، ایسے دیگر تمام عظیم انقلابیوں کو اپنا خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ملک کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ آزادی کا امرت مہوتسو ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ اس سے متعلق مختلف پروگراموں میں زندگی کے تمام شعبوں اور معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ شرکت کر رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک پروگرام اس ماہ کے شروع میں میگھالیہ میں منعقد ہوا۔ میگھالیہ کے بہادر مجاہد، یو تیروت سنگھ جی کی برسی پر لوگوں نے انہیں یاد کیا۔ تروت سنگھ جی نے خاصی ہلس پر کنٹرول کرنے اور وہاں کی ثقافت پر حملہ کرنے کی برطانوی سازش کی شدید مخالفت کی تھی۔ اس پروگرام میں بہت سے فن کاروں نے خوبصورت فن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تاریخ کو زندہ کر دیا۔ اس میں ایک کارنیوال کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جس میں میگھالیہ کی عظیم ثقافت کو بہت خوبصورت انداز میں دکھایا گیا تھا۔ اب سے کچھ ہفتے پہلے کرناٹک میں امرتا بھارتی کناڈارتھی کے نام سے ایک انوکھی مہم بھی چلائی گئی تھی۔ اس میں ریاست کے 75 مقامات پر آزادی کے امرت مہوتسو سے متعلق عظیم الشان پروگراموں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ان میں کرناٹک کے عظیم آزادی پسندوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی ادبی کارناموں کو بھی منظر عام پر لانے کی کوشش کی گئی تھی۔مسٹر مودی نے کہا کہ آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت 13 سے 15 اگست تک ایک خصوصی تحریک ’’ ہر گھر ترنگا، ہر گھر ترنگا ‘‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس تحریک کا حصہ بن کر 13 سے 15 اگست تک، آپ اپنے گھر پر ترنگا ضرور لہرائیں یا اسے اپنے گھر پر لگائیں ۔ ترنگا ہمیں متحد کرتا ہے، ہمیں ملک کے لئے کچھ کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ میرا یہ بھی مشورہ ہے کہ 2 اگست سے 15 اگست تک ہم سب اپنی سوشل میڈیا پروفائل تصویروں میں ترنگا لگا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’2 اگست کا ہمارے ترنگے سے بھی خاص تعلق بھی ہے۔ یہ دن پنگلی وینکیا جی کا یوم پیدائش ہے، جنہوں نے ہمارے قومی پرچم کو ڈیزائن کیا تھا۔ میں ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اپنے قومی پرچم کی بات کرتے ہوئے، مجھے عظیم انقلابی میڈم کاما بھی یاد آ رہی ہیں ۔ ترنگے کو شکل دینے میں، ان کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا آزادی کے امرت مہوتسو میں ہورہے ان تمام تقریبات کا سب سے بڑا پیغام یہی ہے کہ ہم تمام اہل وطن اپنی ذمہ داری پوری لگن کے ساتھ ادا کریں۔ تب ہی ہم ان لاتعداد آزادی پسندوں کے خواب کو پورا کر سکیں گے۔ ہم ان کے خوابوں کا ہندوستان بنانے میں کامیاب ہوں گے۔ اس لئے ہمارے اگلے 25 سالوں کا یہ امرت کال ہر اہل وطن کے لئے فرائض کی انجام دہی کے عہد کی طرح ہے۔ ملک کو آزاد کرانے کے لئے ہمارے بہادر جنگجوؤں نے ہمیں یہ ذمہ داری سونپی ہے اور ہمیں اسے پوری طرح نبھانا ہے۔

Related Articles