تیجسوی نے 10 لاکھ نوجوانوں کو نوکری دینے کا کیا وعدہ
پٹنہ 27 ستمبر ( یواین آئی ) بہار کی اہم اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کی جانب سے وزیراعلیٰ عہدہ کے دعویدار تیجسوی یادو نے بے روزگار نوجوانوں کو لبھانے کیلئے آج اعلان کیاکہ ریاست میں ان کی حکومت بننے کے بعد کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی دس لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کے فیصلے پر مہر لگائی جائے گی ۔
مسٹر یادو نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں اتوار کو منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ ان کا وعدہ نہیں بلکہ مضبوط ارادہ ہے کہ ریاست کے دس لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کے فیصلے کو کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی منظور عطا کی جائے گی ۔ انہوں نے مرکزاور ریاست کی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہاکہ جس نے دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا اور جو 15 سال بہار میں اقتدار میں رہے وہ نوجوانوں کو روزگار دینا بھول گئے ۔ آج ہر بہار ی پر 35 لاکھ روپے کا قرض ہے ۔
آرجے ڈی لیڈ ر نے کہاکہ بہار نوجوانوں کی ریاست ہے اور یہاں 60 فیصد نوجوان ہیں لیکن روزگار نہیں ملنے کی وجہ سے نوجوانوں کی سب سے زیادہ نقل مکانی یہیں سے ہوتی ہے ۔ ریاست میں بے روزگار ی 46.6 فیصد ہے ۔
انہوںنے کہاکہ گذشتہ دنوں آرجے ڈی کے بے روزگاری پورٹل پر نولاکھ 47 ہزار 924 نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا اور 13 لاکھ 11 ہزار 226 مسڈ کال آئے ۔ یہ اعدادو شمار بتاتے ہیں کہ ریاست میں نوجوانوں کا کیا حال ہے ۔