ترقیاتی کاموں سے دیں گے اپوزیشن کی سازش کا جواب :یوگی
لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اپوزیشن پر ذات،مذہب اور فرقہ وارانہ فساد کی سازش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ ہمیں اپنے ترقی پسند کوششوں سے ان شرپسند عناصر کو منھ توڑ جواب دینا ہوگا۔
مسٹر یوگی پیر کو اپنی رہاش گاہ پر ٹنڈلہ(ریزرو)اسمبلی سیٹ پر ضمنی الیکشن کے ضمن میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے ڈویژن،بوتھ اور سیکٹر انچارج کی ورچول میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چھ سالو ں میں ملک کے اندر ایک مثبت تبدیلی پیدا ہوئی ہے۔ پورید دنیا اس کی تعریف کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت بھی وزیر اعظم نریندرمودی کی قیادت میں خود کفیل،اعلی،طاقت ور اور مستحکم ہندوستان کی تعمیر کے لئے کام کررہی ہے۔ کچھ شرپسند عناصر کو یہ ترقی اور یہ تبدیلی پسند نہیں آرہی ہے۔ لہذا یہ لوگ لگاتار ملک میں فرقہ وارانہ فساد اور ذات پر منبی تشدد کو فروغ دینے کی سازش کررہے ہیں۔ حالیہ کچھ واقعات میں ان کی سازش کا پردہ فاش ہوا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کی پہچان سے ہر کوئی واقف ہے۔ایک لا قانونیت اور دوسری بدعنوانی کی مترادف ہے۔کانگریس کے پاس کوئی زمین نہیں ہے۔لہذا آپکا کسی پارٹی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ضمنی انتخابات والی سبھی سیٹوں پر بی جے پی کی جیت یقینی ہے۔ آپ کو ریکارڈ جیت کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔