پریاگ راج میں انٹرنیٹ سروس معطل
پریاگ راج، اپریل۔پانچ بار کے ایم ایل اے اور ایم پی عتیق احمد اور سابق ایم ایل اے اشرف کا سنیچر کی رات قتل کرنے کے بعد ، افواہوں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے اتوار کی صبح سے انٹرنیٹ خدمات پر پابندی عائد کر دی گئی۔عتیق احمد اور اشرف کو ہفتے کی رات معمول کے چیک اپ کے لیے کیلون ہسپتال لے جایا گیا۔ اسی دوران میڈیا اہلکار بن کرآئے تین حملہ آوروں نے کئی راؤنڈ فائر کر کے دونوں کو ہلاک کر دیا۔ اس واقعے میں ایک رپورٹر اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ واقعے کے بعد شہر کا ماحول کشیدہ ہوگیا ہے۔ کسی بھی قسم کی افواہوں پر قابو پانے کے لیے انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ شہر کے کئی علاقے حساس ہیں۔ سیکورٹی کے پیش نظر شہر میں آس پاس کے اضلاع سے اضافی پولیس فورس طلب کر لی گئی ہے۔ مقامی پولیس کے ساتھ پی اے سی اور آر اے ایف کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ سروس کا حکم اس لیے جاری کیا گیا ہے کہ پریاگ راج کا ماحول کسی بھی طرح سے خراب نہ ہو اورافواہوں پر قابو پانے کے لئے انٹرنیٹ سروس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔حفاظتی بندوبست کو پختہ رکھنے کے لیے ہر طرف سخت پہرہ ہے۔ پریاگ راج کو 14 سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔دکانداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانیں بند رکھیں۔