آئی پی ایل: کرکٹ کے مداح ملک ہندوستان کا تہوار جمعہ سے شروع ہوگا
احمد آباد، مارچ ۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 کا آغاز جمعہ کو دفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز اور مہندر سنگھ دھونی کی چنئی سپر کنگز کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔آئی پی ایل کو سب سے پہلے ہندوستان کا تہوار 2015 میں سامنے آئے تھیم سانگ میں کہا گیا تھا اورایسا ہوبھی کیوں نہ، جس ملک میں سچن ٹندولکر کی پوجا کی جاتی ہے اورکرکٹ کومذہب کے طور پر قبول کیا جاتا ہے، وہاں قومی اور بین الاقوامی ستاروں سے سجی لیگ کو تہوار کی طرح کیوں نہ منایا جائے؟اس ٹورنامنٹ کا آغاز پہلے ٹی20 ورلڈ کپ (2007) کے سات ماہ بعد 18 اپریل 2008 کو ہوا۔ تقریباً ایک ماہ تک سنسنی خیز اور جوش وخروش سے لبریز میچوں کے بعد یکم جون کو منعقدہ فائنل میں باصلاحیت نوجوانوں سے مزین راجستھان رائلز نے اپنا پہلا آئی پی ایل ٹائٹل جیت کر ٹورنامنٹ کے ساتھ انصاف کیا۔ آئی پی ایل کو متعارف کرانے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ بی سی سی آئی ملک میں چھپے نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں بڑے اسٹیج پرنکھارناچاہتا تھا۔ رائلز کی جیت نے کہیں نہ کہیں آئی پی ایل کے اس مقصد پورا کر دیا۔اس موضوع پر بحث کی جا سکتی ہے کہ آئی پی ایل کے بعد ہندوستان ایک بار بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہیں جیت سکا، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ اس ٹورنامنٹ نے رویندر جڈیجہ اور جسپریت بمراہ سے لے کر رشبھ پنت اور ارشدیپ سنگھ جیسے ستاروں کو چمکنے کا موقع دیا۔ ٹائٹنز اور سپر کنگز کی جنگ سے شروع ہونے والا سیزن بھی یقینی طور پر ہندوستانی کرکٹ کو مستقبل کے کچھ اسٹارز دے گا۔یہ بھی منطقی ہے کہ دفاعی چیمپئن ٹائٹنز اور دھونی کی سپر کنگز ٹورنامنٹ کا آغاز کریں گی۔ سپر کنگز بھلے ہی سب سے زیادہ ٹرافیاں جیتنے کے معاملے میں ممبئی انڈینز سے پیچھے ہو، لیکن اس نے سب سے زیادہ بار فائنل میں پہنچ کر اس لیگ کو مقبول بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ تاہم گزشتہ سال اس ٹیم کوٹائٹنز کے خلاف دونوں میچ میں شکست کا سامنا کرناپڑاتھا۔ اس بار دھونی کے دھورندر پہلے میچ میں ہی ٹائٹنز کو شکست دے کر اپنی مہم کا زبردست آغاز کرنا چاہیں گے۔اس میچ کے ساتھ 42 سالہ دھونی آئی پی ایل میں اپنے آخری سیزن کا آغاز بھی کریں گے۔ اس سیزن میں دھونی پر اپنے جانشین کا انتخاب کرنے کی ذمہ داری ہوگی اور ممکنہ کپتانوں کی فہرست میں سب سے پہلا نام جڈیجہ کا ہی ہوگا۔ گزشتہ سال نصف سیزن تک کپتانی کرتے ہوئے جڈیجہ بھلے ہی اپنی بہترین کارکردگی پیش نہ کرسکے ہوں، لیکن اس بار وہ پیلے رنگ میں اپنی لے حاصل کرکے کپتانی کا دعویٰ مضبوط کرنا چاہیں گے۔سپر کنگز نے اس سیزن سے پہلے کی نیلامی میں انگلینڈ کے تجربہ کار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔ اسٹوکس کچھ ماہ قبل ہی انگلینڈ کی ٹی20 ورلڈ کپ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرکے آرہے ہیں اور سپر کنگز کو بھی ان کی میچ وننگ کارکردگی کی امید ہوگی۔دوسری طرف، ٹائٹنز آئی پی ایل 2022 کی جیت کے بعد اعتماد سے بھرے ہوں گے اور اس عمل پر قائم رہنا چاہیں گے جس نے انہیں گزشتہ سیزن میں کامیاب بنایا تھا۔ سابق ہندوستان کرکٹر عرفان پٹھان پہلے ہی پانڈیا کی کپتانی اور راشد خان کی میچ وننگ لیگ اسپن پر اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔ ورلڈ کپ جیتنے والے آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی ٹیم کی لچک پر شرط لگائی ہے۔ سال 2022 میں ایک سے بڑھ کر ایک دلچسپ مقابلے دینے والی ٹائٹنز ان تین عوامل کی بنیاد پر لگاتار دوسرا ٹائٹل جیتنا چاہے گی۔بڑے اسکور کے لیے مشہور نریندر مودی اسٹیڈیم میں پہلی اننگ کا اوسط اسکور 160 رنز ہے۔ یہاں ہونے والے 10 ٹی20 میچوں میںسے 6 میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 4 میں پہلے گیندبازی کرنے والی ٹیم کو جیت ملی ہے۔ احمد آباد میں جمعہ کو موسم صاف رہنے کی توقع ہے، جس کا مطلب ہے کہ تماشائیوں کو بلاتعطل تفریحی کرکٹ دیکھنے کو ملے گا۔