دہلی شراب معاملہ، کویتاپرانے سل فونس کے ساتھ ای ڈی کے دفتر پر حاضر
حیدرآباد،مارچ۔دہلی شراب معاملہ میں تلنگانہ کی حکمران جماعت بی آرایس کی رکن کونسل کے کویتا آج ایک مرتبہ پھر دہلی میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی)کے دفترمیں حاضر ہوئیں۔انہوں نے اپنے ساتھ لائے ہوئے پرانے سل فونس کو میڈیا کے سامنے دکھایا۔مرکزی ایجنسی کویتا سے تیسری مرتبہ پوچھ گچھ کررہی ہے۔گذشتہ روز بھی ان سے تقریبا دس گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔آج ان کا بیان دہلی شراب پالیسی میں منی لانڈرنگ معاملہ کے سلسلہ میں قلمبند کیاجارہا ہے۔کویتا، قومی دارالحکومت میں اپنے والد و وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو کی قیامگاہ سے تقریبا11.30بجے دن اپنے شوہر انیل اور اپنے وکلا کے ساتھ ای ڈی کے دفترکیلئے روانہ ہوئیں۔قبل ازیں انہوں نے پارٹی کیڈراوران کے حامیوں کو کار میں بیٹھنے کے دوران ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔اسی دوران، کویتا نے کئی سل فونس کو تلف کردینے سے متعلق ای ڈی کے الزامات پر مرکزی ایجنسی کو مکتوب بھی روانہ کیا۔انہوں نے ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر جوگیندر کو یہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ جانچ کرنے والے حکام کے ساتھ ان کے مسلسل تعاون کے ساتھ وہ یہ کہہ رہی ہیں کہ وہ سل فونس کو ای ڈی کے حوالے کررہی ہیں جن کا استعمال انہوں نے ماضی میں کیا تھا۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ ان کو پہلی مرتبہ مارچ 2023میں ای ڈی نے طلب کیا تھا۔سل فونس کو تلف کرنے سے متعلق نومبر2022میں ان پر عائد الزامات نہ صرف بدنیتی پر مبنی ہیں بلکہ غلط فہمی اور متعصبانہ بھی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ا س طرح کے الزامات سے ان کی شبیہ متاثر ہوئی ہے اوران کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ای ڈی جیسی ایجنسی کی جانب سے اس طرح کا قدم مناسب نہیں ہے۔