قبائلی عوام کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے لیے مربوط کوششیں ضروری ہیں: مشرا
جے پور، فروری ،راجستھان کے گورنر کلراج مشرا نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے باشندوں کی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی سطح کو بلند کرنے کے لیے مختلف محکموں کی سطح پر مربوط کوششیں کی جانی چاہئیں۔مسٹر مشرا جمعرات کو گورنر ہاؤس میں شیڈول ایریا ڈیولپمنٹ اسکیموں اور کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام کو غربت اور محرومیوں سے نجات دلانے اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پوری عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقے میں سیاحت کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں پر سیاحتی مقامات کی ترقی کے حوالے سے مناسب تشہیر کی جائے تو ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا جس سے مقامی لوگوں کی آمدنی اور معیار زندگی میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چرنجیوی ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت اب تک ریاست میں 90 فیصد خاندانوں کو کور کیا گیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے وہ خاندان جو ابھی تک اس سکیم کے تحت رجسٹرڈ نہیں ہوئے ہیں ان کو بھی جلد رجسٹر کر کے سکیم کے دائرہ کار میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شیڈول ایریا کی جغرافیائی حالت اور وہاں بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے وہاں کام کرنے والے اہلکاروں کو رہائش سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس پر قابو پانے کے لیے ان علاقوں میں وافر تعداد میں سرکاری کوارٹرز تعمیر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ علاقوں کے دیہاتوں میں انٹرنیٹ، اخبارات اور میگزین سمیت ضروری سہولیات کے ساتھ لائبریریوں کے قیام پر بھی کام کیا جائے تاکہ مقامی نوجوان اپنے گاؤں میں رہ کر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کر سکیں۔