مین پوری ضمنی الیکشن:ڈمپل یادو آزمائیں گی قسمت
لکھنؤ:نومبر۔سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے مین پوری پارلیمانی سیٹ پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے لئے جمعرات کو سابق ایم پی و اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو کو اپنا امیدواربنانے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے پارٹی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاپارلیمانی نششت مین پوری پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے لئے سماج وادی پارٹی نے سابق ایم پی ڈمپل یادو کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔اس حوالے سے سماج وادی پارٹی ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے ایک لیٹر جاری کیا ہے۔ملحوظ رہے کہ یہ سیٹ ایس پی فاونڈر و سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو کی موت کے بعد خالی ہوئی ہے۔ سینئر رہنما کا 10اکتوبر کو لمبی علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔ڈمپل یادو قنوج پارلیمانی سیٹ سے دوبار ایم پی رہ چکی ہیں۔ سال 2012 میں وہ قنوج سیٹ پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں بلا مقابلہ منتخب ہوئی تھیں۔سال 2019 میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں وہ قنوج پارلیمانی سیٹ سے ایس پی۔ بی ایس پی کی متحدہ امیدوار تھیں لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔مین پوری سماج وادی پارٹی کا رسوخ والا علاقہ تصور کیا جاتا ہے اور سال 1996 سے پارٹی اس سیٹ سے انتخاب نہیں ہاری ہے۔اس سیٹ سے ملائم سنگھ یادو چار بار نمائندگی کرچکے ہیں۔