دھوکہ دینے والی حکومت کو عوام اکھاڑ پھینکیں گے:اکھلیش
بلیا: مارچ۔سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) حکومت پر لوگوں کودھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسمبلی انتخابات’بلیا بنام چھلیا‘(دھوکہ دھڑی کرنے والا)کا ہے اوریہاں کی عوام دھوکہ دھڑی کرنےوالی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے۔پھیپھنا حلقے کے گرام کٹریا میں کارکن سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے منگل کو کہا کہ بی جے پی نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ اسے وقت وقت پر چھل کیا ہے۔ یہ الیکشن دھرکہ دہی کرنے والوں اور بلیا کے درمیان دکھائی دے رہا ہے۔ انقلابیوں کی یہ سرزمین بلیا کے لوگ اپنی طاقت سے اس حکومت کو دھول چٹانے کا کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر لوگوں نے سنا ہوگا۔ اب تو بی جے پی کے اتحادی بھی جان چکے ہیں کہ بی جے پی کے لوگ جھوٹ بولتے ہیں۔ چھوٹے لیڈر چھوٹا جھوٹ بولتے ہیں اور بڑے لیڈر بڑا جھوٹ بولتے ہیں اور سب سے بڑا لیڈر سب سے بڑا جھوٹ بولتا ہے۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ جھوٹا نکلا جبکہ نوجوانوں کو روزگار نہیں ملا۔ کسانوں کو کھاد ڈی اے پی کے لئے ترسنا پڑا۔ خرید مرکز پر اس کی دھان کی فصل خریدی نہیں گئی۔ کسانوں کی لوٹ ہوگئی۔ کھاد کی بوری سے پانچ کلو کھاد چوری ہوگئی۔ پتہ نہیں بی جے پی والے چوری کہاں سے سیکھ کر آئے ہیں۔مسٹر یادو نے دعوی کیا کہ موجودہ الیکشن میں ایس پی کا تحاد 300سے زیادہ سیٹیں جیت کر مکمل اکثریت کی حکومت بنائے گا۔ حکومت آنے پر کسانوں، نوجوانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔