آگرہ: تپن گروپ نے انکم ٹیکس کے چھاپے میں 40 کروڑ روپے سونپے

آگرہ، اکتوبر۔اتر پردیش کے آگرہ میں گھی کے کاروبار سے متعلق تپن گروپ کے ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس کی طویل تلاشی کے بعد 40 کروڑ روپے کی آمدنی سپرد کی گئی ہے۔تپن گروپ کے مقامات پر تقریباً 72 گھنٹے تک جاری رہنے والی جانچ کے بعد محکمہ انکم ٹیکس کو تلاشی میں اہم دستاویزات اور الیکٹرانک آلات ملے ہیں۔ گروپ کی اصل آمدنی کا اندازہ ان کے ڈیٹا کو چیک کرکے لگایا جائے گا۔جوائنٹ ڈائرکٹر انکم ٹیکس (انوسٹی گیشن) اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر انکم ٹیکس (انوسٹی گیشن) یونٹ-II کی ہدایت پر پیر کی صبح 7.30 بجے دیال باغ اور رنکتا میں واقع تپن گروپ کے مقامات پر تلاشی شروع کی گئی۔ تلاش منگل اور بدھ کو بھی جاری رہی۔ تلاش جمعرات کو ختم ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ اس گروپ نے پراپرٹی کے کاروبار میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے ٹھکانوں سے نقدی اور قیمتی دھاتیں ملنے کی بھی باتیں بھی سامنے آرہی ہیں۔ محکمہ بھی اس کا اندازہ لگانے میں مصروف ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے خام مال کی خریداری، پیداواری عمل، سامان کی فراہمی، ادائیگیوں کی وصولی وغیرہ سے متعلق گروپ کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا۔ اصل رقم سے کم رسید جاری کرنے کے معاملے پائے گئے ہیں۔ کاروبار میں دکھائے گئے اخراجات کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کے ساتھ رٹرن کا ملان کیا گیا ہے۔ تپن گروپ کئی برانڈز کا خوردنی تیل کا پروڈکشن کرتا ہے۔ ان کا کاروبار آگرہ کے ساتھ ساتھ راجستھان اور دہلی میں بھی پھیلا ہوا ہے۔شہر میں پہلی بار محکمہ انکم ٹیکس کے تفتیشی ونگ نے ایک ساتھ دو مقامات پر کارروائی کی۔ منگل کو جب ٹیمیں تپن گروپ کے سات مقامات کی تلاش میں مصروف تھیں، تبھی راوت پاڑا میں تیواری گلی اور چٹی خانہ میں تین حوالاتی ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ یہاں سے 2.8 کروڑ روپے کی نقدی اور پرچیاں برآمد کی گئیں۔ ان پرچیوں سے بڑے بڑے معاملے سامنے آئے ہیں لیکن محکمہ کے افسران دونوں جگہوں پر کی گئی کارروائی میں کسی بھی تعلق سے انکار کر رہے ہیں۔ محکمہ اب غیر منظم سیکٹر پر کارروائی کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ محکمانہ تحقیقات میں ملنے والے شواہد میں کئی دیگر افراد کے بھی ملوث ہونے کا امکان ہے۔

Related Articles