حکومت اگنی ویروں کو مختلف خدمات میں ترجیح دے گی: دھامی
نینی تال، جون ۔اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اگنی ویر اسکیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسکیم آنے والے وقت میں انقلابی ثابت ہوگی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ریاستی حکومت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے اگنی ویروں کو ترجیح دے گی۔مسٹر دھامی ہفتہ کو رودر پور میں پارٹی دفتر میں ملک میں ایمرجنسی کے جنگجوؤں کے حوالے سے منعقد ایک پروگرام میں بول رہے تھے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ایمرجنسی کے جنگجوؤں کو اعزاز دیتے ہوئے خود کو فخر محسوس کر رہے ہیں۔مسٹر دھامی نے ایمرجنسی کو ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک سیاہ دھبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کے دوران کانگریس حکومت نے جنگجوؤں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا اور لوگوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے جیلوں میں لوگوں کو سخت اذیتیں پہنچانے کا کام کیا ہے۔ کھانے میں شیشہ ملا دیا جاتا تھا اور ناخن نکال دیئے جاتے تھے۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ آج جب قانون کی بات آتی ہے تو وہ ستیہ گرہ کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کرپشن کی ماں ہے۔ پہلے آئے روز کوئی نہ کوئی کرپشن سرخیوں میں رہتی تھی۔ ٹیلی کام گھوٹالہ، 2 جی، اسپیکٹرم گھپلہ، کوئلہ گھپلہ اور زمین گھپلہ کانگریس نے دیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت کے آٹھ سال کے دوران ملک میں ایک نیا ورک کلچر پیدا ہوا ہے۔ ملک مسلسل نئی جہتوں کی تعمیر کر رہا ہے۔ دنیا میں ملک کا وقار بلند ہوا ہے۔ مودی حکومت نے اس عرصے میں کئی تاریخی فیصلے کئے ہیں۔ جس میں آرٹیکل 370، تین طلاق، رام مندر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ جن دھن یوجنا، غریب کلیان انا یوجنا، آیوشمان یوجنا، اجولا یوجنا جیسی اہم اسکیمیں شامل ہیں۔انہوں نے اگنی ویر اسکیم کو ملک کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں یہ اسکیم انقلابی ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس اسکیم کو لے کر نوجوانوں کو بھی دھوکہ دے رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت پولیس بھرتی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور چاردھام مینجمنٹ جیسے شعبوں میں اگنی ویروں کو ترجیح دے گی۔