بی جے پی کو شکست دینے تمام جمہوری اور سیکولر جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت:ڈی راجہ

حیدرآباد ،اپریل۔سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کو شکست دینے کے لئے تمام جمہوری اور سیکولر جماعتوں کا اتحاد ضروری ہے۔انہوں نے اے پی کے وجئے واڑہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی بدھ کو اپنی 24ویں قومی کانفرنس منعقد کررہی ہے جس میں بیشتر مسائل بشمول ملک میں ابھرتی ہوئی صورتحال کا تجزیہ کیاجائے گااور کس طرح پیشرفت کرتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کیاجائے اور عوام تک رسائی حاصل کی جائے اس پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ سی پی آئی اپنی اس قومی کانفرنس مین ابھرتی ہوئی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرے گی۔ہم سیکولر طاقتوں تک کس طرح رسائی حاصل کریں اور بائیں بازو کی جماعتوں کو کس طرح متحد کریں اس پر بھی غور کیاجائے گا۔آنے والے دنوں میں بیشتر ریاستوں بشمول گجرات میں اسمبلی کے انتخابات اور 2024میں لوک سبھا کے انتخابات ہونے والے ہیں۔آنے والے دن کافی چیلنج سے بھرے ہوئے ہیں۔دستور اور ملک کو بچانے کے لئے جمہوری اور سیکولر جماعتوں اور تنظیموں کو آگے آنا چاہئے تاکہ متحدہ طورپر بی جے پی کی مزاحمت کی جاسکے۔سی پی آئی کے جنرل سکریٹری نے کانگریس پارٹی کو مشورہ دیا کہ وہ خود کا جائزہ لے اور پارٹی کے داخلی مسائل کو حل کرے۔انہوں نے خیال ظاہر کیاکہ بی جے پی کے خلاف متحدہ لڑائی کے لئے تمام جمہوری اور سیکولر جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا سیاسی جماعتوں نے مل کر بی جے پی سے مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے۔یوپی، گوا،آسام اوراتراکھنڈ کے انتخابی نتائج مختلف رہے ہیں۔بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی جمہوری نظام اور وفاقی ڈھانچہ کو تہس نہس کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ریاستی حکومتوں سے وہ اختیارات کو چھین رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی وجہ سے کئی طرح کے بحران کا سامنا کررہا ہے۔فرقہ وارانہ تصادم،اقلیتوں، دلتوں اور قبائلیوں پر حملے بڑھ رہے ہیں۔اس کے لئے بی جے پی اور آرایس ایس کو ذمہ دارقراردینا چاہئے۔انہوں نے ملک میں فرقہ وارانہ تصادم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے خطرہ کا سامناکررہا ہے۔افراط زر، ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ جی ڈی پی گھٹ رہی ہے۔ہندوستانی معیشت گررہی ہے۔سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے راماکرشنا نے اساتذہ کی جانب سے کئے گئے چلودفتر وزیراعلی پروگرام کو ناکام بنانے کے لئے جابرانہ اور یکطرفہ طریقوں کا استعمال کرنے پر جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت حکومت پر نکتہ چینی کی۔

Related Articles